کراچی(نمائندہ خصوصی)ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 334 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد بعض شہروں میں قیمت 3600 روپے تک پہنچ گئی۔دستاویزات کے مطابق کراچی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا ایک ہفتے کے دوران 100 روپے مہنگا ہوکر 3600 روپے کا ہوگیا۔
اسلام آباد میں قیمت 106 روپے 67 پیسے اضافے کے بعد 3600 روپے جبکہ حیدرآباد میں 240 روپے اضافے سے 3600 روپے تک پہنچ گئی۔ بنوں میں بھی 200 روپے اضافے کے بعد 20 کلو تھیلا 3600 روپے میں فروخت ہونے لگا۔پشاور میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 250 روپے اضافے کے بعد 3550 روپے، راولپنڈی میں 66 روپے 66 پیسے اضافے سے 3533 روپے 33 پیسے جبکہ لاہور میں 333 روپے 67 پیسے اضافے کے بعد 3467 روپے ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح گوجرانوالہ میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 333 روپے مہنگا ہوکر 3400 روپے، سکھر میں 280 روپے اضافے سے 3360 روپے اور سرگودھا میں 333 روپے اضافے کے بعد 3333 روپے تک پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 110 روپے مہنگا ہوکر 3330 روپے، بہاولپور میں 300 روپے اضافے سے 3300 روپے اور لاڑکانہ میں 100 روپے اضافے کے بعد 3300 روپے کا ہوگیا۔ملتان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 333 روپے 33 پیسے اضافے سے 3266 روپے 66 پیسے جبکہ فیصل آباد میں 200 روپے اضافے کے بعد 3200 روپے ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب سیالکوٹ اور خضدار میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 3200 روپے پر برقرار رہی۔



