کراچی (نمائندہ خصوصی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گلبائی روڈ کی تعمیر و بہتری سے حب ریور روڈ، شیر شاہ اور سائٹ انڈسٹریل ایریا آنے جانے والے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ صنعتی علاقوں کی رابطہ سڑکوں میں بھی بہتری آئے گی۔
میئر کراچی نے گزشتہ روز گلبائی روڈ کے زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گلبائی روڈ شہر کے اہم رابطہ راستوں میں شامل ہے اور اس کی بہتری سے روزانہ اس شاہراہ کو استعمال کرنے والے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔ بالخصوص صنعتی علاقوں میں کام کرنے والے ملازمین، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری افراد کے لیے سفر آسان ہوگا۔اس سے قبل بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن بلاک 5 میں سڑک کی تعمیر کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع وسطی میں سخی حسن قبرستان اور شادمان کے درمیان دو رویہ سڑک کی ازسرِنو تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے میں سڑک کی تعمیر سے قبل برساتی نالے کی ازسرِنو تعمیر مکمل کی گئی، جبکہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے اور سڑک کو پائیدار بنانے کے لیے سیوریج کی نئی لائنیں بھی بچھائی گئی ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ماضی میں کے ایم سی کے پاس ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز دستیاب نہیں تھے، تاہم اب ادارہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے اور ان کاموں کے نتائج زمین پر نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بلاامتیاز ترقیاتی کام جاری ہیں۔ شہریوں کو بہتر انفرااسٹرکچر، معیاری سڑکیں اور آمدورفت کی سہولیات فراہم کرنا کے ایم سی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت ملنے کے ساتھ صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہتر سڑکیں سفر کو آسان بنانے کے ساتھ شہریوں کے قیمتی وقت اور وسائل کی بچت کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔ کے ایم سی شہر کے مختلف علاقوں میں بنیادی شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے اور تمام دستیاب وسائل شہریوں کی سہولت اور شہر کی ترقی کے لیے بروئے کار لائے جائیں گے۔



