کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر سے ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کو ”جی آیاں نوں” کہتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔ سکھ یاتری بابا گرو نانک دیو جی کی جائے پیدائش پر حاضری دے کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی کی لازوال تعلیمات محبت، انسان دوستی، مساوات اور خدمتِ خلق جیسے آفاقی اصولوں پر مبنی ہیں، جو مذہبی حدود سے بالاتر ہوکر پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے متنوع مذہبی اور ثقافتی ورثے پر فخر کرتا ہے۔ ہر شہری کو اپنے عقیدے پر آزادی، وقار اور تحفظ کے ساتھ عمل کرنے کا حق آئینِ پاکستان کا بنیادی اصول ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کی برابری، مذہبی آزادی اور تمام مذاہب کا احترام ایک پْرامن، ہم آہنگ اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی رواداری اور باہمی احترام کے فروغ سے معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔



