ثانیہ سعید

مردوں کی جو خوبیاں سراہی جاتی ہیں وہ خواتین میں نظر انداز کر دی جاتی ہیں، ثانیہ سعید

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے معاشرے میں مردوں اور خواتین کے لیے قائم مختلف پیمانوں پر اہم سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ جن خوبیوں کو مردوں میں غیر معمولی سمجھ کر سراہا جاتا ہے، وہی خوبیاں خواتین میں موجود ہوں تو اکثر انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

ثانیہ سعید نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر کسی مرد کو فرشتہ قرار دے دیا جائے تو اس کے معمول کے اچھے رویے کو عام کرنے کا مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسی کئی خواتین کو جانتی ہوں جن میں بھی یہی خوبیاں موجود ہیں، لیکن انہیں اس قدر پذیرائی نہیں ملی۔اداکارہ کے مطابق معاشرہ خواتین کو خیال رکھنے والی، بے لوث اور دوسروں کا احساس کرنے والی دیکھنے کا عادی ہو چکا ہے، اس لیے ان کی اِن خوبیوں کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے، تاہم جب کوئی مرد یہی رویہ اختیار کرتا ہے تو اسے فورا غیر معمولی قرار دے کر سراہا جاتا ہے۔اداکارہ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ خاندانی ماحول بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، والدین کی تربیت کا اثر صرف زبانی نصیحتوں سے نہیں بلکہ روزمرہ کے عملی رویوں سے زیادہ ظاہر ہوتا ہے۔ثانیہ سعید نے خواتین کو محض اس وجہ سے برا قرار دینے کے رجحان پر بھی تنقید کی کہ وہ غلطیاں کرتی ہیں یا ایسے فیصلے لیتی ہیں جو معاشرتی توقعات کے مطابق نہیں ہوتے۔

اداکارہ نے اس رویے پر بھی سوال اٹھایا جس کے باعث خواتین اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کے باوجود معاشرتی تنقید کی وجہ سے اپنی اہمیت اور صلاحیتوں پر شک کرنے لگتی ہیں۔ثانیہ سعید کے مطابق ٹی وی ڈراموں میں خواتین کے انتخاب کو اس طرح پیش کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے کہ انہیں محبت اور قبولیت حاصل کرنے کے لیے بالآخر اپنے فیصلوں پر پچھتانا ضروری ہو۔انہوں نے زور دیا کہ ذہین اور خود اعتماد خواتین سے بھی غلطیاں ہو سکتی ہیں اور انہیں اپنے فیصلوں سے سیکھنے، آگے بڑھنے اور دوسروں کی حمایت حاصل کرنے کا حق ہے، انہیں صرف ان کے انتخاب کی بنیاد پر پرکھنا درست نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں