شاہد خاقان عباسی

الیکشن میں مداخلت ملکی مسائل کی وجہ، عوامی رائے کا احترام حل کی ابتدا ہے، شاہد خاقان

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہا ہے کہ الیکشن میں مداخلت ملکی مسائل کی بنیادی وجہ ہے، عوام کی رائے کا احترام مسائل کے حل کی ابتدا ہے۔

جڑاوں شہر راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں، ملکی معاملات درست انداز میں نہیں چل رہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کی ابتدا عوام کی رائے کا احترام کرنے سے ہوتی ہے، لیکن ملک میں عوامی رائے کو اہمیت نہیں دی جا رہی ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کی بنیادی وجہ انتخابات میں مداخلت ہے، 2018 اور 2024 کے انتخابات اس کی مثالیں ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو آج بھی مناسب خوراک میسر نہیں اور عوام معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ حکمران وفاق کو بچانے کی جنگ میں مصروف ہیں، دوسری جانب صوبوں کے حوالے سے باتیں کی جا رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگر صوبوں سے متعلق کوئی منصوبہ یا خاکہ ہے تو پہلے اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے، عوام کو بیوقوف بنانے کے بجائے انہیں اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں