مریم نواز شریف

حکومت سدا نہیں رہتی، اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ نہیں،مریم نواز

چکوال(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت سدا نہیں رہتی اور اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ بھی نہیں ہے۔ چکوال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میری کوشش ہے پنجاب کا ایک بیٹا بیٹی ایسے نہ رہیں جو وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرسکے، خیبرپختونخوا سے بھی آج ہونہار بچے آئے ہیں، ان کو بھی اسکالرشپس کا تحفہ مل رہاہے جبکہ میں نے لیپ ٹاپس میں بھی کے پی کے بچوں کا حصہ بھی رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہر میں کسی کو کوئی مرض ہوتا تھا تو سہولتیں نہ ہونے سے اسے بڑے شہر لے جایا جاتا تھا، آج اگر کسی کو چکوال میں دل کا عارضہ ہوتا ہے تو اسی شہر میں اس کا مفت علاج ہوگا، جیسی کیتھ لیپ لاہور میں ہے ویسی ہی چکوال میں ہے، جو اسکول آف ایمیننس لاہور میں ہے ویسا ہی چکوال میں ہے جب کہ چکوال کیلئے مزید گرین بسیں بھی آرہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں لاکھوں افراد اپنا گھر اسکیم سے مستفید ہوچکے، ابھی تک ڈھائی لاکھ گھر اپنا گھر اسکیم کے تحت بن چکے ہیں، نواز شریف کہتے ہیں جس کو گھر مل گیا اس کو مستقبل کی ضمانت مل گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ جو سفارش پر آتا ہے وہ قابل نہیں ہوتا، پنجاب میں اب میرٹ چلتا ہے، میرٹ کی حکمرانی ہے، حکومت سدا نہیں رہتی، حکومت اور اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ نہیں، میں آپ کے خواب پورے کرتے جائوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں