لاہور (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سکھ یاتریوں کے لئے ویزا سہولیات، پنجابی نصاب اور تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان پنجابی زبان کی ترویج کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے،پنجابی زبان میں پروگرام تیار کرکے نشر کرنا ہماری ذمہ داری ہوگی جبکہ سکھ اور پنجاب ڈائسپورا کی تاریخ و خدمات پر مشتمل کافی ٹیبل بک بھی شائع کی جا سکتی ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں چوتھی بین الاقوامی پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے منتظمین، اساتذہ، ادیبوں، دانشوروں اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اساتذہ کا معاشرے میں انتہائی اہم مقام ہے، انسان کی تربیت اور کامیابی میں ان کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ طالب علمی کے دور میں طلبہ سیاست اور وکلا تحریک کے ماحول سے وابستہ رہے ہیں اور اس دوران اپنے اساتذہ سے بہت کچھ سیکھا، اساتذہ کا انسان کی تربیت اور کامیابی میں بنیادی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے تقریب میں موجود دلجیت پال سنگھ برا، اشوک بھورا، ناصر ٹلو، احمد رضا پنجابی، افضل ساحر، گربریت سنگھ دگا اور دیگر شخصیات کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سکھ برادری کے نمائندوں اور دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کے ساتھ ملاقات ان کے لیے باعث مسرت ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سکھ برادری نے پنجابی زبان اور ثقافت کے تحفظ کے لیے جو بیڑا اٹھایا ہے یہ دراصل حکومت کی ذمہ داری تھی۔ ان کی کوششوں نے حکومت کو بھی اس اہم کام کی جانب متوجہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ، اسے نصاب کا حصہ بنانے اور پنجاب کے تاریخی ہیروز کو نئی نسل سے متعارف کرانے کیلئے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان پنجابی زبان کی ترویج کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، پنجابی زبان کے لئے سانجھ چینل شروع کرنے کی تیاری مکمل ہے جبکہ کانفرنس کے منتظمین کی تجاویز اور رہنمائی سے اسے مزید موثر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان کی جانب سے پنجابی زبان کے فروغ کے حوالے سے کیے گئے اعلانات خوش آئند ہیں اور وزارت اطلاعات و نشریات اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر منتظمین پنجابی زبان میں کوئی پروگرام تیار کرتے ہیں تو اسے پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ماہرین اور منتظمین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی جو وزارت اطلاعات، ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویژن اور سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پنجابی زبان کی ترویج کے لیے قابل عمل سفارشات مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پنجابی زبان کے فروغ کے لیے مستقل بنیادوں پر ایسے اقدامات کیے جائیں جو ان کی مدت یا کسی ایک تقریب تک محدود نہ رہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارت اطلاعات میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک جدید ترین ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا ہے، جب انہوں نے وزارت کا قلمدان سنبھالا تو ڈیجیٹل ونگ، سوشل میڈیا اور جدید آلات کے حوالے سے صورتحال تسلی بخش نہیں تھی تاہم مختصر عرصے میں ایک جدید اور موثر ڈیجیٹل کمیونیکیشن نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے منتظمین کو وزارت کے اس شعبے کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آرا اور تجاویز سے بھی استفادہ کیا جائے گا تاکہ پنجابی زبان اور ثقافت کو ڈیجیٹل ذرائع اور سوشل میڈیا پر مزید موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ منتظمین اس سلسلے میں اپنی رہنمائی فراہم کریں تو وزارت ان کی شکر گزار ہوگی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب نے تاریخ میں بے شمار عظیم ہیروز پیدا کیے ہیں لیکن افسوس کہ انہیں اس انداز میں اجاگر نہیں کیا جا سکا جس کے وہ مستحق ہیں۔ نئی نسل کو اپنے اصل قومی اور تاریخی ہیروز کی شناخت سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ بچے اپنی تاریخ، ثقافت اور شناخت سے واقف ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ ڈائسپورا اور پنجاب ڈائسپورا کی تاریخ، خدمات اور نمایاں شخصیات کو محفوظ بنانے کے لیے کافی ٹیبل بک تیار کی جا سکتی ہے جسے شائع کرکے دنیا بھر میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس طرح بیرون ملک مقیم پنجابیوں اور سکھ برادری کی خدمات اور تاریخی روابط کو بھی اجاگر کیا جا سکے گا۔ انہوں نے پنجابی زبان کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کے حوالے سے کہا کہ یہ معاملہ براہ راست ان کی وزارت کے دائرہ اختیار میں نہیں تاہم وہ متعلقہ حکام کے سامنے اس کی بھرپور سفارش کریں گے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر نے بھگت سنگھ کی جدوجہد آزادی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں شہید بھگت سنگھ چوک اور کیمپ جیل اس تاریخی جدوجہد کی یادگار ہیں۔ بھگت سنگھ نے انتہائی کم عمری میں اس دھرتی کے لیے نہ صرف آواز اٹھائی بلکہ ایک بھرپور تحریک بھی چلائی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ بھگت سنگھ پنجاب کے عظیم ہیروز میں شامل ہیں اور پنجاب کی دھرتی نے ہمیشہ بہادر اور تاریخ ساز شخصیات پیدا کی ہیں۔ ان کی خدمات اور جدوجہد کو نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے عالمی سطح پر سکھ برادری کی کامیابیوں اور نمائندگی کو سراہتے ہوئے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان کی عالمی سطح پر موجودگی اور کامیابیوں نے سکھ برادری کی شناخت اور روایات کو مزید اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے اجے بنگا کے پاکستان دورے اور ان کے خاندانی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کا تعلق سرگودھا اور والدہ کا سیالکوٹ سے تھا جبکہ پاکستان آمد کے دوران انہوں نے اپنے آبائی گھر کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سکھ برادری کی نمایاں شخصیات کی کامیابیاں ہم سب کے لیے باعث فخر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہونا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے اور دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی میزبانی اور خدمت کرنا ہماری خوش قسمتی ہے۔ انہوں نے برٹش کولمبیا سے آنے والے گیان سنگھ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سال سو سے دو سو یاتریوں کے گروپ کے ساتھ پاکستان آتے ہیں۔ حکومت ان یاتریوں کو اپنے لوگوں اور مہمانوں کی طرح خوش آمدید کہتی ہے اور ان کے مذہبی مقامات کی خدمت کو اپنا اعزاز سمجھتی ہے۔ انہوں نے سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد کے دوران ویزوں سے متعلق درپیش مشکلات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے آنے والے سکھ بہن بھائیوں کو ویزا سہولیات میں مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔ وہ اس معاملے پر وزارت خارجہ اور متعلقہ حکام سے بات کریں گے تاکہ آئندہ یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عطاء اللہ تارڑ نے منتظمین کو دعوت دی کہ وہ کانفرنس کے اختتام پر اپنے مطالبات اور تجاویز پر مشتمل ایک جامع چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریں تاکہ پنجابی زبان، ثقافت، تاریخی ورثے اور سکھ برادری کی خدمات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ اس نوعیت کی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جانی چاہیے جس میں حکومت بھی بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ لاہور سے شروع ہونے والی یہ علمی و ثقافتی سرگرمی پورے پنجاب اور پھر دنیا بھر میں پھیلے گی اور مختلف ممالک سے لوگوں کو اس پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات زبان، ثقافت اور تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف برادریوں کے درمیان روابط مضبوط کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ انہوں نے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے مختلف اجلاسوں اور سرگرمیوں کو پاکستان بھر میں سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی ملی ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لیے شروع کی گئی کوششوں کا ملک بھر میں چرچا ہو رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے شاعر دلجیت پال سنگھ برار کے پیش کردہ اشعار کے جواب میں ہمت اور حوصلے کے موضوع پر شعر سنایا۔بے ہمتے نے جیہڑے بہہ کے شکوہ کرن مقدراں دا۔۔۔اگن والے اگ پیندے نے سینہ پاڑ کے پتھراں دا۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کامیابی کے لیے عزم، حوصلہ اور مستقل مزاجی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمت سے کام لیتے ہیں وہ مشکل حالات میں بھی اپنے لیے راستے نکال لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھی سوچ اور نیک نیتی کے ساتھ کام شروع کیا جائے تو اللہ تعالی کامیابی کے راستے پیدا کر دیتا ہے۔ وفاقی وزیر نے منتظمین کو یقین دلایا کہ وہ پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ کی اس کوشش میں ان کے ساتھی، دوست اور بھائی کی حیثیت سے ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور اس عظیم مقصد کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کانفرنس کے دوران سوال و جواب کی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزٹ ویزا کا عمل آن لائن ہو چکا ہے تاہم یاتری ویزا ایک الگ کیٹیگری ہے اور اس کیلئے علیحدہ نظام ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے منتظمین ان کے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کا حل تلاش کریں وہ خود بھی وزیر خارجہ سے ملاقات کیلئے ان کے ساتھ جانے کو تیار ہیں۔ ضرورت پڑنے پر خصوصی سیل قائم کرنے یا بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں اس مقصد کیلئے ایک افسر مختص کرنے کی تجویز پر بھی کام کیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ایک تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنے والے افراد کے وزٹ ویزا فارم میں جائے پیدائش کا خانہ شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ درخواست گزار اپنے آبائی علاقے یا جائے پیدائش جانے کا ارادہ بھی ظاہر کر سکیں اور اس مقصد کیلئے الگ سے طویل کارروائی کی ضرورت نہ پڑے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس تجویز کو چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل کرکے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ نجی تعلیمی اداروں میں پنجابی زبان بولنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ بات کر کے پنجابی زبان کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں میں پنجابی زبان کے شارٹ کورسز اور اضافی کلاسز شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نجی اسکولوں کو پنجابی زبان کی اہمیت سے آگاہ کرکے اس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ انہوں نے لندن میں اپنے بیٹے سے پنجابی زبان میں گفتگو کے دوران ایک سکھ شخص سے ہونے والی ملاقات کا واقعہ بھی سنایا جس نے طویل عرصے بعد اپنی والدہ کی زبان سننے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی ایک خوبصورت زبان ہے جو لوگوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ تقریبات میں خطاب کے بعد سوال و جواب کی نشست کو ضروری سمجھتے ہیں کیونکہ یکطرفہ گفتگو کے بجائے لوگوں کے مسائل اور تحفظات سننا اور ان کا جواب دینا زیادہ اہم ہے۔



