مصطفیٰ کمال

پاکستان میں صحت کا نظام نہیں، بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، مصطفی کمال

کراچی (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی معنوں میں صحت کا نظام موجود نہیں بلکہ یہاں بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے۔

اسپتالوں کی عمارتیں تعمیر کرنا، ڈاکٹرز اور طبی عملہ فراہم کرنا یا جدید مشینری نصب کرنا ہیلتھ کیئر کی اصل ترجیح نہیں، بلکہ لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا حقیقی صحت کی سہولت ہے۔ بیماریوں سے بچاؤ ایک دن کا کام نہیں بلکہ اس کے لیے مسلسل آگاہی اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا دراصل ”سِک کیئر” یعنی بیماریوں کا علاج ہے، جبکہ ہیلتھ کیئر کا بنیادی مقصد لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا ہونا چاہیے۔

لاکھوں روپے فیس وصول کرنے والے نجی اسپتال بھی مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں اور بھاری فیس ادا کرنے کے باوجود مریضوں کو بیڈ دستیاب نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ انہیں سفارش کے ذریعے مریضوں کو اسپتالوں میں بیڈ دلوانے کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہم مزید کتنے اسپتال تعمیر کریں گے اور کتنے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے افراد تیار کریں گے؟ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے، اس کی معیشت کمزور اور وسائل محدود ہیں۔ اگر بیماریوں سے بچاؤ پر توجہ نہ دی گئی تو صرف اسپتالوں کی تعداد بڑھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے اور صحت کے نظام کی بنیادی توجہ بیماریوں کی روک تھام پر ہونی چاہیے۔مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران امریکا، برطانیہ، یورپ، چین، بھارت اور ترکی سمیت دنیا کے بڑے ممالک کے صحت کے نظام بھی دباؤ برداشت نہیں کرسکے۔

جب ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں لوگ بیمار ہوئے تو بڑی طاقتوں کے اسپتالوں کا نظام بھی متاثر ہوگیا۔ پاکستان میں اس وقت کوئی وبا نہیں، لیکن مختلف بیماریوں کے باعث اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا ہے اور خدانخواستہ پاکستان کا صحت کا نظام بھی شدید بحران سے دوچار ہوسکتا ہے۔وفاقی وزیر صحت نے آبادی میں اضافے کو بھی صحت کے شعبے کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی 36 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، سالانہ اضافے کی شرح ڈھائی فیصد جبکہ شرح پیدائش 3.6 فیصد ہے۔ ملک میں ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچے پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان ہر سال نیوزی لینڈ جتنی آبادی کا اضافہ کر رہا ہے، جبکہ پانچ سال میں آبادی میں آسٹریلیا جتنے افراد کا اضافہ ہوجاتا ہے۔ ایسے حالات میں بڑھتی ہوئی طبی ضروریات پوری کرنے کے لیے کتنے اسپتال تعمیر کیے جاسکتے ہیں؟ ہر گلی کے کونے پر اسپتال بنا دینے کے باوجود ضروریات پوری نہیں ہوسکتیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے اور اس کا قومی معیشت سے براہِ راست تعلق ہے۔

پاکستان کو درپیش دیگر چیلنجز کے ساتھ بیماریوں کا بڑھتا ہوا بوجھ بھی ایک بڑا خطرہ ہے، اس لیے صحت کو قومی سلامتی اور معاشی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔مصطفی کمال نے کہا کہ قومی سیاستدانوں کو فیتے کاٹنے اور تختیاں لگانے کا شوق ہوتا ہے۔ اسپتال تعمیر کرکے افتتاح کرنا اور اخبار میں تصویر شائع کروانا ترجیح بن جاتی ہے، لیکن ضرورت صرف نئی عمارتیں بنانے کی نہیں بلکہ موجودہ اسپتالوں میں سہولیات بہتر بنانے اور مریضوں کا رش کم کرنے کی ہے۔ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ انسان بیمار ہی نہ ہو اور اسے علاج کے لیے اسپتال آنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں دورانِ حمل اور زچگی زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، جبکہ ہر سال چار لاکھ بچے انتقال کرجاتے ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ تقریباً 1300 بچوں کی اموات ہوتی ہیں، جنہیں بچایا جاسکتا ہے۔ ماؤں کی غذائی قلت کے باعث کمزور بچوں کی پیدائش اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ غذائی کمی بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کو بھی متاثر کررہی ہے۔ پاکستان میں 43 فیصد بچے کم عمری ہی میں نشوونما کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی نشوونما میں کمی ملک کے مستقبل اور معیشت کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ صحت کے مسائل کو قومی سلامتی اور معیشت کا مسئلہ سمجھنا ہوگا۔ لوگوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور اپنی روزمرہ عادات تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ غیر صحت مند رہن سہن بیماریوں کے بوجھ میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ رات دیر سے کھانا کھانا اور صبح دیر تک سونا انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ ہمیں اپنے رہن سہن، کھانے پینے اور سونے جاگنے کے معمولات بہتر بنانا ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کی زندگی کے لیے ایک فطری نظام مقرر کیا ہے اور انسانی جسم اسی نظام کے تحت کام کرتا ہے۔ جس طرح موبائل فون کے استعمال کے لیے رہنما اصول ہوتے ہیں، اسی طرح انسانی زندگی کے لیے بھی قدرتی اصول موجود ہیں۔انہوں نے طبی ماہرین پر زور دیا کہ وہ اپنے اداروں میں صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق باقاعدہ رہنما اصول مرتب کریں۔

صحت سے متعلق آگاہی کو ابتدائی تعلیم کے نصاب کا حصہ بنایا جائے اور تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم پرائمری سطح پر بچوں کو صحت مند زندگی گزارنے کی تعلیم دیں۔ بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے صحت کے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی تربیت دینا ہوگی، جبکہ حکومت اور طبی اداروں کو مل کر عوام میں شعور اجاگر کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی ذیابیطس کے خلاف اہم کام کررہا ہے۔ پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ابھی ملک کے تمام افراد کی اسکریننگ نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کے پروگرام کے تحت ملک بھر میں ذیابیطس اور ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ شروع کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مکمل اسکریننگ کے بعد ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 10 کروڑ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے باعث گردے، آنکھیں اور جسم کے دیگر اعضا متاثر ہوتے ہیں۔ بچوں کو صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرکے ان کے والدین کی عادات میں بھی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مریضوں کے اسپتال آنے کا انتظار کرنے کے بجائے انہیں پہلے ہی صحت کا خیال رکھنے اور بیماریوں سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائے۔مصطفی کمال نے کہا کہ کتنے ہی جدید اور مہنگے اسپتال تعمیر کرلیے جائیں، بیماریوں سے بچاؤ کے بغیر صحت کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ بیماریوں کی روک تھام کے لیے مسلسل آگاہی، صحت مند طرزِ زندگی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں