منعم ظفرخان

کراچی میں سندھو دیش کے نعرے، کچھ ہوا تو ذمہ دار بلاول ہوں گے، منعم ظفر

کراچی (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ قومی پرچم اتار کر جیے سندھ اور سندھو دیش کے نعرے لگ رہے ہیں، کچھ ہوا تو ذمہ دار بلاول ہوں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سانحہ ایڈمن سوسائٹی کے بعد ریسکیو میں تاخیر اور شہر میں غیر قانونی عمارتوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں سانحہ ایڈمن سوسائٹی پیش آیا، لیکن 5 دن گزرنے کے باوجود ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہوسکا۔ اب تک 15 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 2 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کو کرپشن کی بانی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1972 میں ہونے والے فسادات کی وجہ پیپلز پارٹی تھی، بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد ہونے والے فسادات میں بھی پیپلز پارٹی ملوث رہی ہے۔

منعم ظفر نے دعویٰ کیا کہ کراچی میں سندھو دیش کے نعرے لگائے جارہے ہیں اور پاکستان کا پرچم اتار کر جیے سندھ کے نعرے بلند کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو اور ان کی جماعت پر عائد ہوگی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلیوں میں لگائے جانے والے پاکستان مخالف نعروں کا نوٹس لیا جائے اور اس معاملے پر کارروائی کی جائے۔

دوسری طرف ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے امیر جماعت اسلامی منعم ظفر خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ سانحات پر سیاست چمکانا افسوسناک ہے، محمود آباد اور ایڈمن سوسائٹی کے واقعات پر سندھ حکومت اور ریسکیو ادارے پہلے لمحے سے متحرک ہیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی کے تعلیمی اداروں میں کلاشنکوف کلچر متعارف کرانے کی ذمہ دار جماعت اسلامی تھی، پیپلز پارٹی کو دہشت گرد یا ملک دشمن جماعت کہنے والے ہماری تاریخ یاد رکھیں، پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے، پاکستان مخالف نعروں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کا امن خراب کرنے اور نفرت پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں