مقبوضہ کشمیر، حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر سیف اللہ میر شہید.

سرینگر (گلف آن لائن)مقبوضہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مضافاتی علاقہ رنگریٹ میں اتوار کو ہونے والے ایک تصادم میں حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف کمانڈر سیف اللہ میر عرف غازی حیدر عرف ڈاکٹر سیف کو شہید کردیا گیا۔ تصادم کے دوران مجاہدین کے ایک اعانت کار کو گرفتار کرلیاگیا۔جس کے بعد اس علاقے میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور بھارتی فورسز اور مظاہرین کے مابین تصادم ہوا ہے۔

کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ رنگریٹ میں ہونے والے مختصر مسلح تصادم کے دوران حزب کمانڈر سیف اللہ میر کو شہید کردیا گیا ہے. انہوں نے حزب المجاہدین کے چیف کمانڈر کی شہادت کو فورسز کے لئے ایک بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے .بھارتی انتظامیہ نے شہید کا جسد خاکی لواحقین کے سپرد نہیں کیا. مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ سیف اللہ میر عرف غازی حیدر عرف ڈاکٹر سیف کو رواں سال مئی میں جموں وکشمیر میں مسلح تنظیم حزب المجاہدین کا نیا آپریشنل چیف کمانڈر مقرر کیا گیا تھا.

بھارتی ایجنسیوں کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ضلع پلوامہ کے ملنگ پورہ سے تعلق رکھنے والے سیف اللہ میر عرف غازی حیدر نے 2014 میں ریاض نائیکو کے مشورے پر ہی حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2018 میں جب بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کشمیر میں سرگرم 17 شدت پسندوں کی ‘ہٹ لسٹ’ مرتب کی تو اس میں ریاض نائیکو پہلے جبکہ سیف اللہ میر دوسرے نمبر پر رکھے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں