وزیراعظم عمران خان آج سے سری لنکا کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے.

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیراعظم (آج)23 فروری سے سری لنکا کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے، وزیراعظم کے دورہ سری لنکا کے دوران اہم معاہدے بھی تشکیل پائیں گے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیراعظم سری لنکا کے وزیر اعظم کی دعوت پر سری لنکا کا دورہ کریں گے، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ وزیراعظم سری لنکن صدر اور ہم منصب مہیندا راجا پاکسے سے ملاقاتیں کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پرمذاکرات کی قیادت کریں گے.

مذاکرات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، زراعت پر بات چیت ہو گی۔ترجمان کے مطابق دونوں ممالک سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، سلامتی، ثقافت اور سیاحت میں تعاون پر بات کریں گے، مذاکرات میں دو طرفہ امور، اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تبادلے کو مزید فروغ دینے کے لئے بات چیت کی جائے گی۔دفتر خارجہ کے مطابق دسری لنکا پاکستان پارلیمانی دوستی ایسوسی ایشن کی تشکیل نو کا بھی اعلان کیا جائےگا، وزیراعظم ایک مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی حصہ لیں گے، سری لنکا سے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں