درآمدات

رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران 4.57 ارب ڈالر برآمدات، 12.6 ارب ڈالر درآمدات

کراچی(گلف آن لائن)موجودہ مالی سال 2021-22 کے پہلے 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران برآمدات 4 ارب 57 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جبکہ درآمدات 12 ارب 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، بیرونی تجارت میں 7 ارب 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شماریات بیورو کے اعداد وشمار سے پتہ چلا ہے کہ گزشتہ مالی سال 2020-21 میں جولائی اور اگست کے دوران برآمدات 3 ارب 58 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھیں جو رواں مالی سال 2021-22 کے پہلے 2 ماہ کے دوران 4 ارب 57 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں اور ان میں 27.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مالی سال 2020-21 کے پہلے 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران درآمدات 6 ارب 99 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران 12 ارب 6 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں۔ اس طرح گزشتہ سال کے پہلے دو ماہ کے مقابلے میں درآمدات میں72.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔گزشتہ مالی سال 2020-21 کے پہلے 2 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 3 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا جبکہ حالیہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 7 ارب 49 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا۔ اس طرح تجارتی خسارے میں 119 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں