سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ،این آئی سی وی ڈی ، میڈیکل کی ڈگری نہ رکھنے والی ایم ایس کی تعیناتی، نوٹس جاری،20 ستمبر تک جواب طلب

کراچی (گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے این آئی سی وی ڈی میں میڈیکل کی ڈگری نہ رکھنے والی ایم ایس کی تعیناتی پر فریقین سے جواب طلب کرلیاہے۔بدھ کوسندھ ہائی کورٹ میں این آئی سی وی ڈی کی ایم ایس عذرا مقصود کی براہ راست گریڈ 19 میں تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار ڈاکٹر طارق شیخ نے موقف اختیار کیا کہ عذرا مقصود کا تقرر 2015 میں بحیثیت چیف آپریٹنگ آفیسر ہوا اور 8 ماہ میں گریڈ 20 میں ترقی دے دی گئی۔

درخواست گزار کے مطابق عذرا مقصود کے پاس نہ میڈیکل کی ڈگری ہے اور نہ متعلقہ عہدہ رکھنے سے کوئی تجربہ ہے۔ عذرا مقصود کے تقرری کے لئے اخبارات میں اشتہار نہیں دیا گیا اور تقرری پر کمیٹی نے سفارش بھی نہیں کی۔درخواست میں کہا گیا کہ عذرا مقصود تنخواہ اور دیگر مراعات کی صورت میں سالانہ دو کروڑ کی خطیر رقم لیتی رہی ہیں۔ گذشتہ پانچ برسوں میں 10 کروڑ روپے لے چکی ہیں۔ ایم ایس این آئی سی وی ڈی عذرا مقصود کو عہدے سے ہٹا کر تحقیقات کا حکم دیا جائے۔عدالت نے سیکرٹری صحت، چئیرمین این آئی سی وی ڈی اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 20 ستمبر تک جواب طلب کرلیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں