علی امین گنڈاپور

24 اکتوبر کا دن آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک انتہائی اہم مقام رکھتا ہے، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد(گلف آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے 74 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 24 اکتوبر کا دن آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک انتہائی اہم مقام رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ 24 اکتوبر 1947 کو کشمیری عوام نے اپنی لازوال قربانیوں کی بدولت بھارتی غلامی سے آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی بنیاد رکھی

انہوں نے کہا کہ 24 اکتوبر کا دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول تک اپنی تمام تر جدوجہد جاری رکھیں گےـ وفاقی وزیر نے کہا کہ حق خودارادیت کی جدو جہد میں مقبوضہ کشمیر کے نوجوان اپنے بزرگ رہنما سید علی گیلانی آور دیگر کشمیری رہنماؤں کی طرح پر عزم ہیں اور اس نیک مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدو جہد کو کچلنے کے لیے بھارتی حکومت اور عوام کے تمام تر ہتھکنڈے ناکام ہو چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا بازار گرم رکھے ہوئے ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید شدت آ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور بھارتی قابض فوج آئے روز کشمیری نہتے نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز اور جھوٹے مقابلوں میں شہید کر رہی ہے ـ

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بھارتی سفاکانہ اور ظالمانہ اقدامات بھارت کے اس گھناونے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کر رہا ہےـ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی اس قسم کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ان تمام سفاکانہ اقدامات کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور حال ہی میں پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظالمانہ اقدامات سے متعلق ایک ڈوزیر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال پر عالمی دنیا کو فوری نوٹس لینا چاہیے اور عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے اقدامات کو یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں