وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

افغان عوام کو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی و ترسیل میں راہداری کی فراہمی میں پاکستان اپنی مدداورتعاون جاری رکھے گا،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(گلف آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان عوام کو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی و ترسیل میں راہداری کی فراہمی میں پاکستان اپنی مدداورتعاون جاری رکھے گا،قابض قوت اپنے بہیمانہ جبرواستبداد کے ذریعے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی استصواب رائے کے اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی منصفانہ جدوجہدکو دبانے کی کوشش کررہی ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں کے ذریعے دی ہے،پاکستان اقوام متحدہ کی رکن ریاستوں کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ملا کر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اہداف کے حصول کی خاطرکام کرنے کے لئے آمادہ وتیار ہے ۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے کہاکہ سب سے زیادہ بین الحکومتی نمائندگی کی حامل تنظیم کے طورپر اقوام متحدہ بنی نوع انسان کو درپیش کورونا عالمی وبائ، اس کے نتیجے میں جنم لینے والے معاشی بحران اور ماحولیاتی تغیر کے خطرات جیسے مشترکہ مسائل کے حل کی بہترین جگہ ہے۔انہوںنے کہاکہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحکی بصیرت سے ملنے والی رہنمائی اور جذبے کے تحت پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے منشور کو سربلند کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی امن وسلامتی، پائیدار ترقی اور سب کے لئے مساوی انسانی حقوق کے فروغ میں اقوام متحدہ کی مرکزیت کے ساتھ کثیرالقومیت کے لئے ہم نے ہمیشہ اپنے مضبوط عزم وارادے اور پختہ وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ 1960 سے اقوام متحدہ کے امن دستوں اور کارروائیوں کے لئے سب سے زیادہ امن دستوں کی فراہمی میں سرفہرست ملک ہونے سے لے کر اقوام متحدہ کے بھارت اور پاکستان کیلئے فوجی مبصر گروپ (یو این ایم او جی آئی پی) جیسے قدیم ترین امن مشن کی میزبانی، دہائیوں سے لاکھوں مہاجرین کی مہمان نوازی کرنے سے لے کر دنیا بھر میں منصفانہ مقاصد کے لئے حمایت کی فراہمی تک، پاکستان ہمیشہ عالمی تعاون، مکالمے اور تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور مبلغ اور پرچارک رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ گزشتہ دو ماہ کے دوران پاکستان نے سفارتی مشن، اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں سمیت دیگر کے افغانستان سے انخلاء اور انہیں متعلقہ مقامات تک پہنچانے میں سہولت کاری کا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ افغان عوام کو اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی و ترسیل میں راہداری کی فراہمی میں پاکستان اپنی مدداورتعاون جاری رکھے گا۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کا منشور ہمارے اس اجتماعی عزم وارادے کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے کہ عالمی قانون اور پرامن بقائے باہمی کی بالادستی ہو۔ انہوںنے کہاکہ یہ اقوام کے درمیان مساوی حقوق ، عوام کے استصواب رائے کے حق اور عالمی امن کی تقویت کے لئے دیگر مناسب اقدامات کرنے کے اصولوں کے احترام پر مبنی دوستانہ تعلقات پروان چڑھانے کا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ ان عالمی مقاصد اور اصولوں کو دنیا کے مختلف حصوں میں قانونی جوابدہی وگرفت سے استثنیٰ کے ساتھ جھٹلایا اور پامال کیا جارہا ہے،اس کی سب سے سنگین اور کھلی مثال غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ قابض قوت اپنے بہیمانہ جبرواستبداد کے ذریعے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی استصواب رائے کے اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی منصفانہ جدوجہدکو دبانے کی کوشش کررہی ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں کے ذریعے دی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کے دن کو مناتے ہوئے میں عالمی برادری پر زور دیتا ہوں کہ تنازعہ جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے کام کرے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کی رکن ریاستوں کے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ملا کر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اہداف کے حصول کی خاطرکام کرنے کے لئے آمادہ وتیار ہے تاکہ دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوش حالی کی منزل حاصل کی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں