بلاول بھٹوزرداری

پاکستان میں صحتمند معاشرے کی تشکیل کے لیئے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان میں صحتمند معاشرے کی تشکیل کے لیئے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے،عالمی برادری کی صف میں عزت و وقار کے ساتھ کھڑا ہونے کیلئے بھی پولیو کا خاتمہ ضروری ہے۔ اتوار کو پولیو سے بچاوَ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان میں صحتمند معاشرے کی تشکیل کیلئے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کی صف میں عزت و وقار کے ساتھ کھڑا ہونے کیلئے بھی پولیو کا خاتمہ ضروری ہے۔

انہوںنے کہاکہ رواں سال کے دوران ایک پولیو کیس کا سامنے آنا اور گذشتہ کئی ماہ سے کوئی بھی کیس سامنے نہ آنا خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ پولیو ورکرز کی تین دہائیوں پر محیط کٹھن جدوجہد کا ثمر اور پوری قوم کے تعاون کا مظہر ہے،وہ عوامل دیکھنے کی ضرورت ہے جنہوں نے ہمیں پولیو کے باب میں جنگ زدہ ملک افغانستان کے برابر کھڑا کیا ہوا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بدقسمت حقیقت ہے، پاکستان میں مسلط کی جانے والی دائیں بازو کی پارٹیوں کی ترجیحات میں صحت عامہ شامل نہیں ہوتی،پاکستان سے پولیو کا خاتمہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دورِ حکومت میں ملک میں پہلی بار انسدادِ پولیو پروگرام کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو حقیقت بنانا پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کا مشن ہے، ان تمام پولیو ورکرز کو سلام کرتا ہوں، جو اس مرض کے خلاف تین دہائیوں سے میدان پر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قوم ان ورکرز کی ہمیشہ مقروض رہے گی، جنہوں نے ہماری گلی محلوں میں پولیو کے خاتمے کی جنگ لڑی، جانیں قربان کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں