جاوید قصوری

سیاسی اجتماعات میں اداروں کے خلاف بد زبانی قابل مذمت ہے ‘جاوید قصوری

لاہور(گلف آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ سیاسی اجتماعات میں اداروں کے خلاف بد زبانی قابل مذمت اقدام ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں انتشار کی فضاقائم کی جارہی ہے۔ پائیدار امن ا ور ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ذاتی مفادات کی سیاست سے باہر نکل کر کام کرنا ہوگا۔ ملک و قوم اس وقت مشکل ترین حالات سے دوچار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ادارے تباہ اور ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر پہنچ چکی ہے۔ ٹکرائو اور انتقامی سیاست نے پاکستان کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ نیب لوگوں کو گرفتار کرتا ہے اور وہ عدم ثبوت کی بنا پر عدالتوں سے بری ہوجاتے ہیں ۔ کیا یہ ہے وہ بلا تفریق احتساب، جس کا قوم سے وعدہ کیا گیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

ملک کا معاشی ڈھانچہ زمین بوس ہوچکا ہے، جبکہ حکومتی وزراء مسلسل جھوٹ بول کر دن پورے کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے ملک کا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی تسلی بخش دکھائی دیتی ہو۔ سونامی ملک میں صرف تباہی لے کر آئی، اب وقت آگیا ہے کہ ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں