محمد سرور

حکومت غیر ملکی سر مایہ کاروں کوپاکستان میں سکیورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے ‘محمد سرور

لاہور(گلف آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈو فرانسسکو ساہورس کی ملاقات۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات،زراعت ، دواسازی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی جبکہ ارجنٹائن کے سفیر نے خطے میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کردار کو سراہا ۔ تفصیلات کے مطابق گور نر ہائوس لاہور میں ہونیوالی ملاقات کے دوران سابق ایم این اے اونائزہ حسان ،سلمان وارث اور میاں علی معین سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین 70 سال میں دو طرفہ تعلقات وسعت پذیر ہوئے جو باہمی اعتماد ، احترام اور تعاون کا مظہر ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹینا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ کمیشن موجود ہے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ دونوں ممالک کے در میان مشترکہ کاروباری کونسل بھی بزنس ٹو بزنس انٹریکشن بڑھانے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت باقاعدگی سے ہوتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی پارلیمان میں پاکستان، ارجنٹائن فرینڈشپ گروپس کی موجودگی دوطرفہ پارلیمانی تعلقات کے استحکام کی علامت ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات پہلے سے زیاد ہ مضبوط ہوئے ہیں ۔

گور نر پنجاب نے کہا کہ ہماری حکومت غیر ملکی سر مایہ کاروں کوپاکستان میں سکیورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان مکمل طور پر پرامن ملک ہے اور یہاں پر درجنوں شعبوں میں سر مایہ کاری کے مواقعے موجود ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے سر مایہ کاروں کو پاکستان میں سر مایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں ۔

پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈو فرانسسکو ساہورس نے ملاقات کے دوران افغانستان میں امن کے قیام کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کی قر بانیاں یقینی طور پر قابل تحسین ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں زراعت ، دواسازی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کے حوالے سے ہماری حکومت بھی پاکستان کیساتھ ملکر کام کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں دونوں ممالک کے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں