ہمایوں اختر خان

اپوزیشن ذاتی مفادات کوپیش نظر رکھتے ہوئے ”ڈیلی ویجز ”سیاست کر رہی ہے’ ہمایوں اخترخان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہاہے کہ اپوزیشن کو عوام کے مسائل سے قطعاً کوئی سروکار نہیں اور صرف اپنے ذاتی مفادات کوپیش نظر رکھتے ہوئے ”ڈیلی ویجز ”کی طرز پر سیاست کر رہی ہے ،ایک طرف مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی والے شیر و شکر نظر آتے ہیں اور اسی لمحے ایک دوسرے پر تنقید کے نشتربھی برسائے جارہے ہوتے ہیں ،تین سالوں سے اپوزیشن کی سیاست حالت نزاع میں ہے اور یہ خوشی کے لئے ترسے ہوئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوںاخترخان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کی باگ ڈورسنبھالنے کے بعد جس طرح پہاڑ جیسے چیلنجز کا نہ صرف سامناکیا بلکہ کامیابی سے نبرد آزمابھی ہوئے اس کی پوری دنیا معترف ہے ۔ سابقہ حکومت کے نام نہاد تجربہ کار جانتے ہیں کہ وہ معیشت کو تنزلی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل کر گئے تھے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اپنے عزم سے نہ صرف معیشت کواندھیروں سے باہر نکالا بلکہ درست پالیسیوں اور فیصلوںکے ذریعے درست سمت میں گامزن کیا ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی عالمی رجحان ہے اور اپوزیشن جھوٹاپراپیگنڈاکر کے عوام کی آنکھوںمیں دھول نہیں جھونک سکتی بلکہ ذاتی مفادات کی سیاست کرنے کی وجہ سے ان کے اپنے چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست کی کوئی سمت اورمنزل نہیں،ذاتی نوعیت کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیاست کی ”فریکونسی” کو سیٹ کیا جاتا ہے ،اپوزیشن ایسا ظاہر کرتی ہے جیسے وہ متحد ہے لیکن حقیقت میں یہ ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں