مسرت جمشید چیمہ

اپوزیشن خود کو درپیش بحران کے علاوہ ایسے حالات بتا دے جسکی وجہ سے فوری انتخابات نا گزیر ہیں’مسرت چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن خود کو درپیش بحران کے علاوہ ایسی حالات بتادے جس کی وجہ سے ملک میں فوری انتخابات کا انعقاد نا گزیر ہے ،پی ڈی ایم کی جس طرح پہلے کوئی آرزو پوری نہیں ہوئی اسی طرح قبل از وقت انتخابات کی خواہش بھی پوری نہیں ہوگی،عوام مہنگائی کی اصل صورتحال سے آگاہ ہیں اور انشااللہ حکومت بتدریج اس پر قابو پا لے گی ۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی بالترتیب تین اور چار دہائیاں اقتدار میں رہی اور مولانا فضل الرحمان بھی کسی نہ کسی صورت میں اقتدارکا حصہ رہے ہیں ، قوم ان سے سوال کرتی ہے کہ اس عرصے میں سوائے ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے معاشی طو رپر کیا کامیابیاں سمیٹی گئی ہیں جس کی وجہ سے عوام ناکام رہنے والوں کودوبارہ اقتدار میں لے آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اچھی طرح آگاہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان معیشت کی ترقی کے لئے اصلاحات اوربنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا رہے ہیں اوراگر حکومت نے اپنا ہدف حاصل کر لیا ہے تو ان کی سیاست سے ہمیشہ کیلئے چھٹی ہو جائے گی اورایسا ہونا اٹل ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کبھی بھی اپنی جماعت کی سیاست کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ ملک وقوم کے مفاد کو مقدم جاناہے جو اپوزیشن کو ہضم نہیں ہو رہا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں