مسرت جمشید چیمہ

نوازشریف کو بالآخر کوٹ لکھپت جیل آنا پڑے گا’مسرت جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کاچالان جمع ہونے کے بعداس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی رہنمائی اور قیادت میں تین سالوں میں پنجاب اسمبلی نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اورتقریباً 40 کے قریب قانونی مسودے مختلف مراحل میں ہیں ،نوازشریف کیلئے برطانیہ میں قانونی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور انہیں بالآخر کوٹ لکھپت جیل آنا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے حلقہ این اے 133کی یونین کونسل229میں خواتین کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عبد الکریم کلہواڑ،اشفاق بلوچ اوردیگر بھی موجودتھے ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی والے 5دسمبر کے بعد سے حلقے سے غائب ہیں کیونکہ یہ سیاست کو خدمت نہیں بلکہ مشغلہ سمجھتے ہیں ۔پیپلزپارٹی نے کرپشن اورلوٹ مارکی دولت سے بلاول ہائوس میں توکروڑوںروپے سے عشائیے دیدئیے لیکن دوبارہ عوام کی خبر نہیں لی گئی کہ وہ کس حال میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سیاست کے ذریعے خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے اور انشا اللہ ہم موسموں کی سختیوں کو دیکھے بغیر حلقے کی عوام کے درمیان موجود رہیں گے او ران کے دیرینہ اور بنیادی مسائل کو بھی حل کرایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں