سینیٹر شبلی فراز

بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے ہوا،ایسا نہ ہوتا تو چودہ اضلاع میں کامیاب ہو سکتے تھے ، شبلی فراز

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں زیادہ علاقوں میں پاکستان تحریک انصاف کا مقابلہ پی ٹی آئی سے ہوا، اگر ایسا نہیں ہوتا تو ہم 14 اضلاع میں کامیاب ہوسکتے تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ اس انتخابات سے ہم نے سبق حاصل کیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے میں حکمت عملی تبدیل کریں گے، پارٹی نظم و ضبط کو ہرصورت برقرار رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مقبول پارٹی ہے، بہت سے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے، ہمیں ایک موقع ملا ہے کہ اپنی حکمت عملی بدلیں، خامیوں کو دور کریں گے، خوشی ہے انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے، بلدیاتی انتخابات میں جو واقعات ہوئے ہیں، نہیں ہونے چاہیے تھے۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کے نیچے کے اسٹریکچر کو متحرک کریں گے، پارٹی کے ورکروں کو اوپر لائیں گے، تحریک انصاف کو کچھ جگہ پر کامیابی ہوئی ہے، ہم کارکنوں کو متحرک نہیں کرسکے تھے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ حکمت عملی میں کیا کمزوری تھی۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ عمران خان کا نظریہ ہے کہ الیکشن میں شفافیت ہو، الیکشن کے ایشوز کو دیکھنے کیلئے کمیٹی بنی ہے جو تمام معاملات دیکھے گی۔وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں 5 لوگ جاں بحق ہوئے، دو لوگ ذاتی دشمنی پر قتل ہوئے، بلدیاتی الیکشن میں گلی محلوں میں تصادم کا خطرہ ہوتا ہے، ماضی کے مقابلوں میں الیکشن میں اتنی ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی، ہنگامہ آرائی کا ایک بھی واقعہ نہیں ہونا چاہئے تھا۔وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ شوکت ترین کو وزیر خزانہ بنانے کیلئے سینیٹر منتخب کرانا ضرورت ہے،اپوزیشن کل کا پڑھا ہوا اخبار ہے، اپوزیشن کے پاس کوئی متبادل پروگرام نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں