شہباز شریف

معاشی خودمختاری کے بغیر قیام پاکستان کے مقاصد بھی پورے نہیں ہوسکتے’ شہباز شریف

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے بانی پاکستان کے 145 ویں یوم ولادت پرزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم بانی پاکستان کو خراج عقیدت اوران کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتی ہے ،قائداعظم قول کے سچے، دھن کے پکے، کردار کے کھرے اور باعمل راہبر تھے ،قائداعظم راست گو اور راست باز انسان تھے اور سیدھے راستے پر ہی چل کر تاریخ کا دھارا موڑ دیا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ بانی پاکستان کا کہا آج حرف بہ حرف سچ ثابت ہورہا ہے ،تاریخ نے ثابت کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد سچائی اور اصولوں پر مبنی تھی ،قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے الگ وطن کے خواب کو سچ کردکھایا ،عظیم قائد نے اپنی تمام زندگی پاکستان کے مقصد کے لئے وقف کی، قوم اپنے محسن کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط بنانا ہوگا ،پاکستان بنانے کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کے معاشی حقوق کا تحفظ اور فروغ تھا ،پاکستان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی جوگندر ناتھ منڈل کا پہلی کابینہ میں شامل ہونا اس سوچ کا واضح اظہار تھا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے سیاسی اصولوں، ریاستی امور کار اور حقوق کے معاملے میں مسلم اور غیرمسلم کا فرق نہیں کیا بلکہ پاکستانی ہونے کا اصول اپنایا ، قائداعظم نے خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کی، محترمہ فاطمہ جناح کی قیادت میں دیگر خواتین نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ،آج کا دن محاسبے کا دن ہے کہ ہم نے بابائے قوم کے فرمودات اور نظریات پر کتنا عمل کیا؟۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو قیام پاکستان کے مقاصد سے ہمکنار کرنا ہے تو معاشی طورپر مضبوط ہونا ہوگا، معاشی خودمختاری کے بغیر قیام پاکستان کے مقاصد بھی پورے نہیں ہوسکتے ،پاکستان معاشی طورپر خود مختار نہیں ہوگا تو دوقومی نظریہ کے مقاصد بھی ادھورے رہیں گے ،قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے آج تحریک پاکستان کے جذبے سے کام کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ بابائے قوم سے ہماری محبت اور وابستگی تقاضہ کرتی ہے کہ ہم ان کی دی ہوئی مقدس امانت اس وطن کو معاشی ، انتظامی اور دستوری طورپر مضبوط اور توانا بنائیں ،اصول، انصاف، تعلیم، صحت، سماجی ومعاشی حقوق کی فراوانی ، شعور وآگہی، سوال کرنے کی آزادی رکھنا والا معاشرہ ہی قائداعظم کے پاکستان تھا ،نوجوانوں کو قائداعظم کی زندگی اور سیاسی جدوجہد سے شعور حاصل کرنا چاہیے ،نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)قیام پاکستان کے مقاصد کو پورا کرکے رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں