پہلی بار وفاق میں حکومت بنانے کے باوجود عمران خان نے اصلاحات جیسے مشکل ہدف کو چنا ‘ ہمایوں اختر

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جیساپر عزم اور حوصلہ مند لیڈر ہی ملک و قوم کے مفاد کو اپنی سیاست پر ترجیح دے سکتا ہے،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کئی دہائیاں اقتدار میں رہے لیکن سیاست کونقصان پہنچنے کے خوف سے کبھی بھی اصلاحات جیسے مشکل ہدف پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا ،تحریک انصاف کی حکومت معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے آج جو اقدامات اٹھا رہی ہے اس کے ثمرات آنے والے سالوں میں خوشحالی اور ترقی کی صورت میں سامنے آئیں گے ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں نے روایتی اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کے ذریعے مدت پوری کی جبکہ عمران خان جو پہلی بار وفاق میں حکومت میں آئے ہیں انہوں نے اصلاحات جیسے مشکل ہدف کو چنا اور اس پر کامیابی سے پیشرفت کر رہے ہیں ۔ موجودہ حکومت سے پہلے کس دور میں آئی ٹی کے فروغ کے لئے اقدامات کئے گئے ،

زراعت میں جدت لانے کیلئے جو اقدامات موجود ہ حکومت نے اٹھائے ہیں اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ، ماحولیات کے حوالے سے پاکستان دنیا کے متاثرہ ترین ممالک کی فہرست میں شامل تھا لیکن وزیر اعظم عمران خان نے درخت لگانے کی مہم کا آغاز کیا اور آج پوری دنیا نہ صرف ہماری ستائش بلکہ پیروی کی جارہی ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حزب اختلاف سے گزارش ہے کہ ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر ملک و قوم کے لئے سوچے ، اپوزیشن اپنی سیاست کی ڈوبتی نبض کی وجہ سے خود تو مایوس ہے لیکن بے بنیاد پراپیگنڈا کر کے پاکستان کے بارے میں منفی تاثر اجاگر نہ کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں