مونس الٰہی

پاکستان مسلم لیگ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے’مونس الٰہی

گجرات(گلف آن لائن) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی سے مشیر وزیراعظم آزادکشمیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ وسول ڈیفنس چوہدری اکبر ابراہیم نے کنجاہ ہاؤس میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، تحریک آزادی کشمیر اور آزادکشمیر کی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے چوہدری اکبر ابراہیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لئے لازم وملزوم ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز جعلی مقابلوں میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو شہید کر دیا جاتا ہے، بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے، فاشسٹ مودی کا چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے تمام فورمز پر آواز بلند کریں گے۔

اس موقع پر چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کے سامنے بھارت کو بے نقاب کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کا سفیر بن کر دکھایا، آج تمام کشمیری عمران خان کو اپنا محسن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردگان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عالمی سطح پر جرات اور دلیری کیساتھ امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا، دونوں رہنماؤں مسلمہ امہ کا درد رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے دونوں رہنماؤں کو مسلمان ممالک میں سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے،چوہدری اکبر ابراہیم نے کہا کہ پاکستانی بھائیوں کے شکر گزار ہیں انہوں نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیلئے آواز بلند کی بلکہ 2005 کے زلزلے میں کشمیریوں کی مدد کیلئے پیش پیش رہے جسے کشمیری ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بھی اسرائیل نے ظلم کا بازار گرم کر کے رکھا ہے، فلسطینیوں اور کشمیریوں کا صرف ایک ہی قصور ہے کہ وہ مسلمان ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری کا ضمیر نہیں جاگ رہا۔ امت مسلمہ یک زبان ہوکر اپنا کیس دنیا میں لڑنا ہو گا۔مونس الہی نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہے۔چوہدری اکبر ابراہیم نے مونس الہی کے کشمیریوں کیلئے جذبات کو سراہا۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں