لاہور( گلف آن لائن) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ عدم اعتماد لانے کی کھوکھلی بڑھک لگا کر خودہی مصیبت میں پڑ چکا ہے ،چھوٹے میاں نے تو زرداری کا پیٹ پھاڑنا تھا لیکن پیٹ بھرنے بلاول ہائوس چلے گئے ،زرداری اور شریف خاندان کا اصل کام ہی اپنا پیٹ اور جیبیں بھرنا ہے ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اپوزیشن کی آنیاں جانیاںاور اٹھک بیٹھک بے سود ہے اس لئے توانائیاں ضائع نہ کریں ،منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے گرد شکنجہ کسا جا چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مردہ ضمیر والے سن لیں حکومت احتساب کے بیانیے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی اور انہیں لوٹ مارکا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے سنجیدہ رہنما اور کارکنان خاموش ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں، سیاست میں غلاظت (ن)اور پیپلز پارٹی کا ٹریڈ مارک ہے۔انہوںنے کہا کہ آصف زرداری کی سیاست جلد (ن)لیگ اور پی ڈی ایم پر بھاری پڑنے والی ہے ،آصفزرداری کی جانب سے شریف برادران سے گن گن کر بدلے لئے جارہے ہیں۔



