مکو آ نہ(نمائندہ خصوصی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے سیاسی تربیت حاصل کرنے والے طرز حکمرانی کے بھاشن نہ دیں جب عوامی استحصال ہوگا تو جمہوری تنقید بھی ہوگی اور پھر عوامی سوالات کے ساتھ انگلیاں تو بھی اٹھیں گی-وہ فیصل آبادمیں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجازچوہدری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے-
ان کاکہناتھاکہ جمہوریت کا حسن اختلاف رائے میں ہے، لیکن جمہوریت کی طاقت شہری آزادیوں، آزاد صحافت، پارلیمانی احتساب اور آئین کی بالادستی سے قائم رہتی ہے۔پیپلز پارٹی کبھی بھی صوبائیت کی بات نہیں کرتی ہمیشہ وفاق پاکستان کو جوڑنے اور جمہوری سسٹم کو چلانے کی حقیقی جد و جہد کرتی ہے-انہوں نے پنجاب حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی پگ کی لاج رکھے حالات کے ستائی عوام اور معاشی بد حالی کا شکار کسانوں سمیت عام آدمی کی مالی مشکلات کم کی جائے-انہوں نے کہا کہ جب تک سیاسی استحکام کو قومی ترجیح نہیں بنایا جاتا، معاشی بحالی کے دعوے اور مطلوبہ نتائج ممکن نہیں۔
ایک مضبوط معیشت صرف اقتصادی پالیسیوں سے نہیں بنتی بلکہ اس کی بنیاد مستحکم سیاست، قابل اعتماد اداروں اور قانون کی یکساں حکمرانی پر استوار ہوتی ہے اگر قانون سازی کا عمل شفاف، جوابدہ اور وسیع مشاورت پر مبنی ہو تو نہ صرف سیاسی تناوکم ہوتا ہے بلکہ عوام کا ریاست پر اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج سب سے زیادہ ضرورت ایسے سیاسی ماحول کی ہے جہاں حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو دشمن نہیں بلکہ جمہوری عمل کا لازمی حصہ سمجھیں۔



