میاں نعمان کبیر

پاک ایران تجارت بڑھانے کے لیے مکینزم وضع کرنے کی ضرورت ہے’میاں نعمان کبیر

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین مکینزم وضع کرنے اور بی ٹو بی روابط مستحکم کرنے کی اشدضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایران میں لاہور چیمبر کے تجارتی مشن کے سربراہ صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں نعمان کبیر نے مشہد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے ایران کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے ایران کی تاجر برادری کو پاکستان کے ممکنہ اقتصادی شعبوںمیں کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ وینچرز کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان آپس میں برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں البتہ یہ تعلقات اب دو طرفہ تجارت میں بھی نظر آنے چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت سے متعلق معلومات کا تبادلہ نہ ہونا دو طرفہ تجارتی حجم میں کمی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اس سلسلے میں فعال کردار ادا ہو گا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ باضابطہ تجارت میں اضافے کے لیے پاکستان ایران بارڈرز پر سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کو طویل مدتی ملٹی پل انٹری ویزے جاری کیے جائیں اورپبلک پرائیویٹ سیکٹرز کے اعلیٰ سطحی وفود کا تبادلہ مستقل بنیادوں پر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بتدریج بڑھ رہی ہے پھر بھی یہ موجودہ پوٹینشل سے بے حد کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری تنظیموں کو ویک اپ کال دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے استحکام کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں