اسلام آباد (گلف آن لائن) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امن کی خواہش کے ساتھ اپنے دفاع کے لیے مضبوط عزم اور صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ 27 فروری کے تاریخی دن کے حوالے سے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، آج اپنی علاقائی فضائی حدود کے اندر بھارت کے ناکام فوجی فضائی حملوں کے خلاف پاکستان کے مثالی ردعمل کو 3 سال مکمل ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی سراسر خلاف ورزی کرتے ہوئے 26 فروری 2019 کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور پاکستانی حدود میں فضائی حملہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری کو پامال کرنے کی ناکام کوشش کو ہماری بہادر مسلح افواج نے فوری ناکام بنا دیا، پاکستان نے نہ صرف عزم کے ساتھ اپنی خودمختاری کا تحفظ کیا بلکہ انتہائی تحمل کا بھی مظاہرہ کیا۔بیان کے مطابق 27 فروری 2019 کو ایک بار پھر 2 بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، ان دونوں طیاروں کو پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے مار گرایا، گرائے گئے طیارے میں سے ایک کے پکڑے گئے پائلٹ کو بعد میں جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارت واپس کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا حامی ہے، لیکن امن کی خواہش کے ساتھ ہمارے پاس اپنے دفاع کے لیے مضبوط عزم اور صلاحیت بھی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ 27 فروری بھارت کے لیے ایک سبق بھی ہے کہ اس کی کوئی بھی عسکریت پسندی اور جنگی جنون کا مناسب جواب دیاجائے گا، اس کے علاوہ بھارت کو فروری 2019 میں اپنے غیرذمہ دارانہ طرز عمل کے نتائج کو ذہن میں رکھنا چاہیے اور مستقبل میں ایسی کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی حکومت، مسلح افواج اور عوام کسی بھی جارحیت کے خلاف ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ڈٹے ہوئے ہیں۔دفتر خارجہ نے کہا کہ آج جب ہم اس دن کی یاد منا رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کے لیے اپنے عزم پر زور دیتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزید تاخیر کے بغیر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔سال 2019 میں 27 فروری کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ان کا پائلٹ ابھی نندن بھی گرفتار کرلیا تھا۔



