شفقت محمود

زرداری ،شہباز شریف نے خرید و فروخت کی منڈی لگائی ،انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑیگا’ شفقت محمود

لاہور(گلف آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم و تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور شہباز شریف نے خرید و فروخت کی منڈی لگائی ہوئی ہے لیکن انہیں اس میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا ، یہ افواہیں بھی ہیں اور میڈیا میں آرہا ہے کہ کچھ غیر ملکی طاقتوں نے آصف زرداری اور نواز شریف کو قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے ، اگر اس میں ذرا بھی سچائی ہے تو یہ قابل مذمت ہے ، کسی غیر ملکی قوت کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کے بعد 90شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور دیگر بھی موجود تھے۔ شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس میں سانحہ پشاور پر افسوس کا اظہار اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ہے ۔اجلاس میں دہشتگردی کی مذمت کی گئی ہے ،حکومت اور سکیورٹی فورسز دہشتگردی سے نبرد آزما ہیں اور انشا اللہ اس سے بھرپور انداز میں نپٹیں گے اور بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ،شہباز شریف سمیت دیگر لوگوں نے جس طریقے سے منڈی لگائی اور ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کی جارہی ہے وہ بھی افسوس کی بات ہے ۔ سب سے بڑھ کر اس پر شرمندگی کی بجائے اسے درست قرار دیا جارہا ہے بلکہ اس پر فخر کیا جارہا ہے کہ فلاں فلاں ہمارے ساتھ ہے ،اپوزیشن کی خرید و فروخت کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی بلکہ انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمارے جن ممبران کا ذکر کیا ہے

انہوں نے نہ صرف اس کی پرزور تردید کی ہے بلکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ قانونی چارہ جوئی بھی کریں گے ۔ شفقت محمود نے کہا کہ اپوزیشن والے جمہوریت کو کس طرف لے کر جارہے ہیں ،ان کو پہلے بھی شکست ہوئی تھی اور آئندہ بھی شکست ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ کچھ افواہیں اور میڈیا میں بھی ذکر ہوا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کو قریب لانے میں بیرونی طاقتوں نے کردار ادا کیا ہے ، اس کے مصدقہ ہونے کی ابھی کوئی اطلاع نہیں لیکن اگر ایسا ہے تو ہم اس کی بھی مذمت کرتے ہیں ، کسی ملک یا طاقت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور ساری پارٹی ڈٹ کر کھڑی ہے ،اس قسم کی جتنی بھی کوششیں ہیں وہ ناکام ہو ںگی ۔اگر اس ملک میں وفاق کی کوئی جماعت ہے تو وہ تحریک انصاف ہے ۔(ن) لیگ کی خیبر پخوانخواہ ،بلوچستان اورسندھ میں کوئی موجودگی نہیں، پیپلز پارٹی ، اے این پی اور جے یو آئی علاقائی جماعتیں ہیں۔

تحریک انصاف ملک گیر جماعت ہے اور ملک کے اتحاد کی ضامن ہے اور ان شااللہ ہم مل جل کر آگے بڑھیں گے اور ان سب قوتوں کا مقابلہ کریں گے۔شفقت محمو دنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارا کوئی بھی ممبر بکنے کے لئے تیا رنہیں ہے اور اپوزیشن کی کوششیں رائیگاں جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کی بیرون ممالک جائیدادیں پیسہ مال ودولت ہے وہ کس طرح آزادانہ خارجہ پالیسی بنا سکتے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ اگر انہوں نے آزادانہ بیان دیا ملک کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے کر گئے تو ان کے فلیٹس بنگلے محلات پر قبضے ہو جائیں گے ، اکائونٹس منجمد ہو جائیں گے ،اس لئے یہ کبھی بھی غیر جانبدار اور آزادانہ پالیسی اختیار نہیںکر سکتے ہیں، وکی لیکس میں آ چکا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے امریکی سفیر سے کہا تھاکہ آپ مجھے چانس دیں میں آپ کے سارے معاملات سیدھے کر دوں گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک ناکام ہو گی ، یہ جس قسم کی سیاست کا پرچار کر رہے ہیں انہیں اس پر شرمندگی ہونی چاہیے کہ ہم کیا کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں