میاں نعمان کبیر

معاشی استحکام کے لیے کاٹیج انڈسٹری کا کردار اہم ہے’ میاں نعمان کبیر

لاہور(گلف آن لائن) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے لاہور چیمبر کے کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ ممبران کے لیے غلام سرور ملک کی بے مثال خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بابائے کاٹیج انڈسٹری کے خطاب سے نوازا ہے۔ لاہور چیمبر میں منعقدہ تقریب سے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نائب صدر حارث عتیق، سابق صدور میاں شفقت علی، محمد علی میاں، سہیل لاشاری، سابق نائب صدور میاں ابوذر شاد، طاہر منظور چودھری و ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور غلام سرور ملک نے بھی خطاب کیا۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ حکومت کاٹیج انڈسٹری کو خصوصی مراعات دے کیونکہ کاٹیج انڈسٹری مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار غلام سرور ملک کی قیادت میں آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری کے 100 سے زائد رکنی وفد سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام اور غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں کاٹیج انڈسٹری کا کردار اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی بحالی اس وقت تک خواب ہی رہے گی جب تک حکومت کاٹیج انڈسٹری کو خاطر خواہ مراعات نہیں دیتی۔ میاں نعمان کبیر نے بنگلہ دیش، چین، کوریا اور امریکہ کی مثال دی جہاں چھوٹے کاروباروں لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر کے مساوی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مشاورت کے عمل کو تیز کرے کیونکہ تاجر برادری ہی اصل اسٹیک ہولڈر ہیں اور تاجروں سے مشاورت کے بغیر کسی پالیسی کا اعلان نہیں کیا جانا چاہیے۔لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ کاٹیج اور چھوٹے درجے کی صنعتیں لیبر فورس کے 80 فیصد سے زیادہ کو روزگار فراہم کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ یہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ضروریات پوری کرتی اور زرمبادلہ کی بچت کرتی ہے۔ غلام سرور ملک نے کہا کہ لاہور چیمبر کاٹیج انڈسٹری کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے گرانقدر کردار ادا کررہا ہے، اس سیکٹر کے مسائل حل ہونے سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بابائے کاٹیج انڈسٹری کے خطاب سے نوازنے پر لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں