صدر مملکت

حصول پاکستان کا مقصد جدید اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا، صدر مملکت

اسلام آباد(گلف آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور حصول پاکستان کا مقصد جدید اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا،ہر سال 15مارچ کو اسلامو فوبیا کے حوالے سے دن منایا جائے گا،جنوبی ایشیا میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ہیں، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں پر جبر و تشدد کر رہا ہے،ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں ، کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مساوات، قانون و انصاف کے عہد کی تجدید کرتے ہیں، ایسی مملکت کا قیام بھی ضروری تھا جہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔صدر مملکت نے اعلان کیا کہ ہر سال 15مارچ کو اسلامو فوبیا کے حوالے سے دن منایا جائے گا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان اور او آئی سی نے بھرپور کوشش کی لیکن دنیا سے اسلاموفوبیا ختم ہونا چاہیے، اسلاموفوبیا اور افغانستان اہم موضوع ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ہیں، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں پر جبر و تشدد کر رہا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے واضح کیا کہ ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور پوری قوم مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ، اندرونی اور بیرونی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کو عدم برداشت اور شدت پسندی کا سامنا ہے لیکن قومی مفادات کے لیے قائد کے اصول اتحاد، تنظیم اور یقین کو یاد رکھنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں