سینیٹر شیری رحمان

عمران خان غلط بیان کر رہے ہیں، یہ نیکی اور بدی کی لڑائی نہیں،شیری رحمن

اسلام آباد (گلف آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان غلط بیان کر رہے ہیں، یہ نیکی اور بدی کی لڑائی نہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ آئین کو پامال کرنے اور آئین کی پاسداری کرنے والوں کے بیچ لڑائی ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ عوام دشمن حکومت اور عوام دوست اپوزیشن کی لڑائی ہے۔

انہوںنے کہاکہ جمہوریت پر تنقید کرنے والے اب لوگوں کو کہہ رہے ہیں جمہوریت کا ساتھ دینے کے لئے باہر نکلیں ،معلوم ہو جائے گا جمہوریت اور آئین کی پاسداری کون کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ شکست سے بچنے کے لئے تاخیری حربے استعمال کرنے والے نیکی اور جمہوریت کی پرچار کیسے کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کے پاس شکست قبول کرنے اور مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، لوگوں کو انتشار پر اکسانے سے حکومت نہیں بچ سکتی۔ انہوںنے کہاکہ اسپیکر کو ہائوس کے کسٹوڈین کا کردار ادا کرنا ہے تحریک انصاف کے کارکن کا نہیں، اسپیکر پر آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ عدم اعتماد کے عمل میں نیوٹرل رہیں۔شیری رحمن نے کہاکہ اسپیکر کا منصب ان کو جانبداری کا اجازت نہیں دیتا، وزیراعظم کو بچانے کے لئے اسپیکر آئین کی خلاف ورزی نہ کریں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں