لاہور( گلف آن لائن) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ وتحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد جلسے میں شرکت کیلئے پنجاب کا مرکزی قافلہ آج 27مارچ صبح 9بجے کیمپس پل لاہور سے روانہ ہوگا، پنجاب کا قافلہ صوبائی صدر شفقت محمود کی قیادت میں براستہ موٹر وے روانہ ہوگاجس میں اراکین اسمبلی ،مرکزی و صوبائی رہنما اور بڑی تعداد میں کارکنان او رعوام بھی ہمراہ ہوں گے ،پریڈ گرائونڈ کا جلسہ ثابت کرے گا کہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف پہلے سے بھاری اکثریت حاصل کر کے واپس آئے گی اور چوروں اور ڈاکوئوں کے احتساب میں زیادی تیزی لائی جائے گی۔
27مارچ کے جلسے میں شرکت کیلئے پنجاب سے روانہ ہونے والے مرکزی قافلے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ قافلے کے شرکاء کے لئے ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا جہاں پنجاب کی قیادت میڈیا کے ذریعے خطاب کرے گی ۔صرف تحریک انصاف کے کارکنان ہی نہیں بلکہ عوام بھی 27مارچ کے جلسے میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں،عوام جانتے ہیں عمران خان اپنی ذات کی نہیںپاکستان کے مستقبل کی جنگ لڑ رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اسلام آباد کے جلسے سے ہوائوں کا رخ پتہ چل جائے گا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی ان کے اقتدار میں آنے کے کوئی آثار نہیں ہیں۔



