شفقت محمود

27مارچ کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہوا ،ساری قوم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے ‘ شفقت محمود

لاہور( گلف آن لائن) وفاقی وزیر و تحریک انصاف پنجاب کے صدرشفقت محمود نے کہا ہے کہ 27مارچ کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہوا ،جمہوریت کا دعوی کرنے والوں نے خرید و فروخت کا بازار لگایا ہوا ہے،عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، ساری قوم تحریک انصاف اور عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔کیمپس پل پر کارکنوں کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد روانگی سے قبل سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ اور سینیٹر اعجاز چوہدری سمیت دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے جمہوریت اور قوانین کو پامال کیا ہے،لوٹ مار کے پیسے سے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی گئی،یہ وہ لوگ ہیں جن کا پیسہ باہر ہے اور لوٹ مار کا دوبارہ پروگرام بنا رہے ہیں، اپوزیشن والے بیرونی طاقتوں کے غلام ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نیکی اوربدی کی جنگ جاری ہے،لوگوں کی خریدوفروخت کوعوام نے مسترد کر دیا ہے،اپوزیشن ملک کو پیچھے دھکیلنا چاہتی ہے لیکن عوام ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے دیکھ لیا ملک بھر کی تمام شاہراہیں جلسہ گاہ میں تبدیل ہو گئیں۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ عوام جمہوریت کے لیے گھر سے باہر نکلے ہیں، اپوزیشن کو معلوم ہو گیا ہے کہ اب ان کی دھونس او ردھاندلی نہیں چلے گی ۔

اعجاز چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان کو غلامی سے نکالنا چاہتے ہیں، کئی دہائیوں بعد پاکستان کے اندر آزاد خارجہ پالیسی بنی ہیں،چند لوگ مولوی کے ذریعے عوام کے سمندر کو روک نہیں سکتے ،عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خود باہر ہیںان کو اربوں روپے پاکستان میں سازش کے لئے دیئے گئے ،یہ نوٹوں کی بوریاں کھول کر لوگوں کی بولیاں لگا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بابو صابو انٹر چینج سے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد روانہ ہوئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ عمران خان کی ایک آواز پر ملک بھر سے لاکھوں عوام اکٹھے ہو ئے ، یہ قوم پی ٹی آئی کے اقتدار کیلئے نہیں بلکہ ملک کی سلامتی کے لئے نکلی ہے ،عوام نے دیکھا کہ جلسے کے آغاز سے قبل پریڈ گرائونڈ کی جگہ عوام کے لئے کم پڑ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا نتیجہ بھی عمران خان کے حق میں ہی آئے گا، تحریک عدم اعتماد لانے والے منہ کی کھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں