شکست

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 6وکٹوں سے شکست دے کرسیریز1-1 سے برابر کر دی

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو 6وکٹوں سے شکست دے کرسیریز1-1 سے برابر کر دی،بابر اعظم اور امام الحق کی سنچریوں کی وجہ سے پاکستان نے ریکارڈ ہدف حاصل کیا ، ، امام الحق کی مسلسل دوسری سنچری جبکہ کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے83 گیندوں پر114رنزبنائے اور مین آف دی میچ بھی قرار پائے، خوشدل شاہ کے 17 گیندوں پر 27 رنز نے قومی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرتے کی دعوت دی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اووروں میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348رنز بنائے۔

349رنزکے ہدف کے حصول کے لیے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 49 اوورزمیں4 وکٹوں کے نقصان پر352 رنزبناکر میچ جیت لیا۔ آسٹریلیا نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسے پہلے اوور کی تیسری گیند پر کپتان ایرون فنچ کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جب شاہین شاہ آفریدی نے ان کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔دوسری وکٹ کی شراکت میں گزشتہ میچ کے ہیرو ٹریوس ہیڈ اور بین میک ڈرمٹ کے درمیان 162 رنز کی شان دار شراکت ہوئی۔پاکستان کو دوسری کامیابی زاہد محمود نے ٹریوس ہیڈ کو آئوٹ کرکے دلائی جب وہ 70 گیندوں پر 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 89 رنز بنا کر خطرناک ثابت ہو رہے تھے۔

میک ڈرمٹ کا ساتھ دینے مارنس لبوشین میدان میں آئے اور ان کا بھرپور ساتھ دیا۔آسٹریلیا کا اسکور 35 اوورز میں 237 رنز پر پہنچا تھا کہ 108 گیندوں پر 10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنانے والے مک ڈرمٹ محمد وسیم کی گیند پر حارث رئوف کا کیچ دے بیٹھے۔مارنس لبوشین 59 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی وکٹ بنے تاہم اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 44 ویں اوور میں 272 تک پہنچ چکا تھا۔ الیکس کیری آئوٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے جن کی اننگز 5 رنز تک محدود رہی انہیں محمد وسیم نے پویلین کی راہ دکھائی ، کیمرون گرین بھی 5 رنز بنا سکے اور 301 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کا شکاربنے۔مارکوس اسٹوئنس ایک رن کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر پائے اور 33 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز بنا کر شاہین شاہ کے ہاتھوں میدان بدر ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے آخری آئوٹ ہونے والے بلے باز شان ایبٹ تھے جنہوں نے 16 گیندوں کا سامنا کیا اور 28 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی چوتھی وکٹ بنے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4، محمد وسیم جونیئر نے دو جبکہ زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا اوردونوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں118 رنز کا اضافہ کیا، پاکستان کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے وہ 67 رنز بنا کرماکس اسٹوائنس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ امام الحق نے مسلسل دوسری سنچری بنائی وہ106رنزبنا کرایڈم زیمپا کی گیندپر کیچ آئوٹ ہوئے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 80 رنز کا اضافہ کیا، بابر اعظم83 گیندوں پر 114رنز بناکر ایلس کی گیند پرمارنس لبوشین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 309رنز تھا۔محمد رضوان 23 رنز بنا کر کرایڈم زیمپا کی گیند پر ایبٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے شاندار بیٹنگ کی17 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد 27 رنز بناکرناٹ آئوٹ رہے ،افتخار احمد 11 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپانے دو ، ایلس اورکرماکس اسٹوائنس نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں