فواد چوہدری

باپ کہتا ہے میں نے ملک کا وزیراعظم بننا ہے، بیٹا وزیراعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے،فواد چوہدری

اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قانون چوہدری فواد حسین نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ باپ کہتا ہے میں نے ملک کا وزیراعظم بننا ہے، بیٹا وزیراعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ن لیگ والوں سے ہمدردی ہے، ایک فیملی ٹی ٹیز میں ملوث ہے، باپ کہتا ہے میں نے ملک کا وزیراعظم بننا ہے، بیٹا وزیراعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ان لوگوں میں کوئی شرم ہی نہیں ہے، یہ اپنے آپ کو مغلیہ فیملی سمجھتے ہیں، پاکستان کے عوام ان لوگوں سے نفرت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کئی ایسے لوگ ہیں جنہوں نے شیروانیاں سلوائی ہیں لیکن انہیں پاجامے نہیں مل رہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ پاکستان اور پاکستان کی قوم کو عزت دو جبکہ دوسری طرف کہا جاتا ہے کہ ہم بھکاری ہیں اور ڈرپوں پر لگے ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں جس طرح آزادی دلائی تھی آج اسی طرح کی آزادی کا یہ موقع ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی قوم خودمختار اور غیرت مند قوم ہے، وہ ان لوگوں کے ساتھ کبھی بھی نہیں جائے گی جو اپنے آپ کو بھکاری کہتے ہیں۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ فلور کراسنگ میں ملوث ارکان نے اپنی عزت پہلے ہی کھو دی ہے، اب انشاء اللہ تاحیات پابندی ہوگی تو ان کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ جنہوں نے شیروانیاں سلوائی ہیں انہیں پاجامے نہیں ملنے۔انہوں نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ سرپرائز پہلے بتا دوں تو کیا فائدہ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں