پیکا ترمیمی آرڈی نینس

صحافیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کی درخواست پر پیمرانے جواب جمع کرادیا

اسلام آباد(گلف آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ایف یو جے کی صحافیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کے دور ان پیمرانے جواب جمع کرادیا جس پر عدالت عالیہ نے وفاقی حکومت کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کی ۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی کی جانب سے وکیل عمر اعجاز گیلانی پیش ہوئے۔پیمرا نے پی ایف یو جے کی درخواست پر جواب جمع کروا دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو بھی آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ وکیل عمر اعجازگیلانی نے کہاکہ وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کہ وہ جواب جمع کرائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا اس وقت ملک میں کوئی وفاقی حکومت ہے۔ عمر اعجاز گیلانی نے کہاکہ جس وقت نوٹس ہوئے تھے تب تو وفاقی حکومت موجود تھی۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیاکہ کیا پیمرا نے رپورٹ جمع کروا دی ہے۔

وکیل پیمرا نے کہاکہ جی، پیمرا کی جانب سے رپورٹ جمع کروا دی ہے، ۔ سینئر صحافی حامد میر کو رپورٹ کا جائزہ لے کر عدالتی معاونت کی ہدایت کی گئی ۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ حامد میر صاحب پیمرا کی رپورٹ پڑھ لیں پھر معاونت کریں۔عدالت عظمیٰ نے پیمرا رپورٹ کی کاپی فریقین کو بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ صحافی جب خود محفوظ نہیں ہو گا تو بنیادی حقوق پر کیسے بات کریگا۔عدالت نے کیس کی سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں