ہونڈا

ہونڈا کا سالانہ 20لاکھ برقی گاڑیاں بنانے کا اعلان

لاہور(گلف آن لائن)جاپان کی معروف کار ساز کمپنی ہونڈا نے سالانہ 20 لاکھ برقی گاڑیاں بنانے کا اعلان کیا ہے اور یہ ہدف 8 سال میں پورا کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق ہونڈا موٹرز کا کہنا ہے کہ وہ ایسے منصوبوں کے ساتھ اپنی برقی گاڑیوں کی اقسام اور پیداوار کو وسعت دے گی کہ 2030 تک ہر سال دنیا بھر میں 20 لاکھ برقی گاڑیاں تیار کی جائیں۔جاپانی کار ساز کمپنی حکام نے کہا ہے کہ وہ 30 ماڈل پیش کریں گے اور برقی گاڑیوں کی پیداوار کمپنی کی سالانہ پیداوار کا تقریباً نصف ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دنیا بھر میں ہونڈا کی لائنز پر تمام اقسام کی 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی ساز کمپنی 2024 میں تجارتی استعمال کیلئے ایک مِنی نمونے کو متعارف کروا کر اپنی نئی ای وی (الیکٹرک وہیکل) حکمتعملی میں پہلا قدم اٹھائے گی، اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ سے 20 لاکھ ین کے درمیان، یا لگ بھگ 8 سے 16 ہزار ڈالر ہوگی، اس حکمت عملی کے تحت 2024 کے موسمِ بہار میں تمام سالڈ اسٹیٹ بیٹریوں کیلئے ایک نمائشی لائن تعمیر کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی کو توقع ہے کہ اگلی نسل کے جدید ترین آلات برقی گاڑیوں کے درجے کو ان گاڑیوں کے فاصلے سے کافی بڑھا دیں گے جتنا فاصلہ اس وقت لیتھیم اِیون بیٹریاں استعمال کرنے والی گاڑیاں طے کرتی ہیں۔جاپانی کار ساز کمپنی برقی گاڑیوں سے متعلقہ تحقیق و ترقی پر اگلے 10 سالوں کے دوران 50 کھرب ین یا تقریباً 40 ارب ڈالر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں