ہمایوں اخترخان

عمران خان کاقومی خود مختاری کے بیانیے کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے ‘ ہمایوں اخترخان

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے جلسوں میں عوام کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت سے ہوائوں کا رخ واضح ہو گیا ہے ، عمران خان کاقومی خود مختاری کے بیانیے کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور ان شا اللہ عام انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے اس پر اپنی مہر ثبت کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 131کے مرکزی دفتر میں حلقے کے اکابرین اور پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عمران خان کے اسلام آباد کی طرف مجوزہ آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے تیاریوں کی حکمت عملی طے کی گئی ۔ہمایوںاختر خان نے کہا کہ عمران خان کی ساری سیاسی زندگی جدوجہد کرتے ہوئے گزری ہے اور اسی کے نتیجے میں عوام نے تحریک انصاف کو مرکز میں حکومت دی ۔ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں اپنی سیاست کو پس پشت ڈال کرملک وقوم کے بہترین مفادمیں غیر معمولی فیصلے کئے جن کے ثمرات سامنے آناشروع ہو گئے تھے ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں گڈ گورننس کے ذریعے کئی دہائیوں کے بیگاڑکودرست کیا ، خارجہ پالیسی کو متوازن بنانے کیلئے اقدامات کئے جس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ۔ انہوںنے کہا کہ سازش کے ذریعے تحریک انصاف کی حکومت کوختم کر کے ترقی کی راہ میں رکاوٹ کھڑی کی گئی لیکن جب بھی دوبارہ عام انتخابات ہوںگے تحریک انصاف اپنی پوری طاقت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں واپس آئے گی اورادھورے منصوبوں اوراقدامات کودوبارہ بھرپور انداز میں شروع کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں عوام کی غیر معمولی تعداد میں شرکت سے ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے اورآج عام آدمی یہ سمجھتا ہے کہ اگرملک و قوم کے مسائل کاحقیقی ادراک اورسب سے بڑ ھ کر ملکی خود مختاری کی بات کرنے والا کوئی لیڈرہے تو وہ عمران خان ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں