سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

سینیٹ،کسی فسطائی گروہ یا جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (گلف آن لائن)سینیٹ میں قائد ایوان و وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کسی فسطائی گروہ یا جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون نافذ کرنے والے ادارے آئین و قانون کے مطابق اپنا اختیار استعمال کریں گے، اسلام آباد کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں قائد ایوان نے کہا کہ ماضی میں یہاں جو کچھ ہوتا رہا ہے وہ سب کو معلوم ہے، سیاست میں رواداری ختم کر کے ظلم و بربریت کا مظاہرہ کیا گیا،

ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاری کے لئے سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی اجازت درکار ہوتی ہے لیکن قائد حزب اختلاف کی آواز اس وقت کیوں سوئی رہی جب رانا ثنائ اللہ پر 15 کلو ہیروئن ڈالی گئی، علی وزیر اور شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوتے تھے، مریم نواز کو جیل میں بی کلاس کی سہولت بھی نہیں دی گئی تھی، پارلیمان اور ارکان پارلیمنٹ کی بنیادی آزادیوں پر پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں کاری ضربیں لگائی گئیں، 70 سال میں پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا تھا لیکن انہیں عدالتوں سے منہ کی کھانا پڑی، اس وقت ایک سنجیدہ سیاسی قیادت وفاقی حکومت میں ہے، آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہیں ہو گی لیکن امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا،

اس وقت خیبرپختونخوا سے حکومتی سرپرستی میں اسلام آباد پر چڑھائی کی تیاری ہو رہی ہے لیکن کسی فسطائی گروہ یا جتھے کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بل کو بلڈوز کر کے قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی تجاویز کو بھی تسلیم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے خلاف نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں