مولانا فضل الرحمان

مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو اہم تجاویز دے دیں

اسلام آباد (گلف آن لائن)مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو اہم تجاویز دیتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی وصوبائی وزرا مشیرمعاونین آفیسرز گریڈ 19 سے اوپر کے بیوروکریٹس کی مراعات میں پچاس فیصد کمی کی جائے۔اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمن نے تجویز دی کہ وفاقی و صوبائی وزرا مشیرمعاونین آفیسرز گریڈ 19 سے اوپر کے بیوروکریٹس سمیت مراعات لینے والوں کے مراعات میں پچاس فیصد کمی کی تجویز دی ہے ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ججز ،جرنیلوں، قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں سمیت ہر طبقہ فکر کو قربانی دینی ہوگی، موجودہ صوتحال گز شتہ نااہل،نالائق اور ناجائز حکومت کے غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور حکومت کو مل کر مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہوگا، عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا چکا اب حکومت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ عوام کی طرح حکومتی نمائندوں ،افسروں اور اعلیٰ عہدیداروں کو قربانی دینی ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو عوام کا احساس ہے، مگر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے سخت فیصلے کرنا مجبوری ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آج عوام کا سوچ رہی ہے، کاش آئی ایم ایف کے ساتھ اپنے دور میں مذاکرات کرتے وقت ان باتوں کا خیال رکھا ہوتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں