صدر علوی

موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے پائیدار طرز زندگی اپنانے، قدرتی آبی وسائل کی حفاظت کی ضرورت ہے، صدر مملکت

اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے پائیدار طرز زندگی اپنانے، قدرتی آبی وسائل کی حفاظت کی ضرورت ہے۔

عالمی یوم ماحولیات پر اپنے پیغام میں عارف علوی نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے پائیدار طرز زندگی اپنانے، قدرتی آبی وسائل کی حفاظت کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ زمین کو بچانے کیلئے زرخیز مٹی کی حفاظت یقینی بنانے، عالمی سطح پر تبدیلی لانے کیلئے شرکت داری کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز، غیر متوقع بارشوں اور خشک سالی سے متاثر ہوا، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے حکومت اور پاکستانی عوام کو شدید چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے بارے تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ بہتر مستقبل کیلئے ماحول دوست طرز زندگی اپنانا ہوگا۔

عارف علوی نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ ایوان صدر آئی ایس او سے تصدیق شدہ دنیا کے ماحول دوست صدارتی دفاتر میں پہلی پوزیشن پر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایوانِ صدر ایک میگاواٹ کے سولر پاور منصوبے سے نہ صرف اپنی بجلی کی ضروریات پورا کرتا ہے بلکہ قومی گریڈ میں بھی بجلی دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تمام اداروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ گرین پریذیڈنسی منصوبے سے سیکھیں، توانائی کی بچت کریں تاکہ موثر انداز میں عوام کی خدمت کی جا سکے۔انہوںنے کہاکہ افسوس کہ پاکستان کے جنگلات، حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے وسائل کو موسمیاتی تبدیلیوں، زمین کے استعمال میں تبدیلی اور آبادی میں اضافے کے باعث منفی اثرات کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی اور پروگراموں کے تحت متعدد اقدامات کے ذریعے مسلسل کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ عارف علوی نے کہاکہ موجودہ جنگلی وسائل ماحولیاتی استحکام کے لیے اہم ہیں، جنگلات، جنگلی حیات اور حیاتیاتی تنوع کے شعبوں کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کا عالمی یوم ماحولیات ماحول سے متعلق مسائل پر توجہ مرکوز کرنے اور مثبت اقدامات کرنے کے لیے وقف ہے۔

انہوںنے کہاکہ رواں سال کے دن کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو فطرت سے اپنے تعلق کے بارے میں سوچنے کی ترغیب دینا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پائیدار ترقی کے 17 اہداف میں سے کئی کو پورا کرنے میں صحت مند ماحول کا کلیدی کردار ہے، 2030 کے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں 8 سال باقی ہیں۔ انہوںے کہاکہ دنیا کو معاشروں اور معیشتوں کو آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور حیاتیاتی تنوع کی تباہی سے بچانے کیلئے تیز رفتاری سے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں