یاماہا

یاماہا نے پاکستان میں رواں برس مسلسل تیسری بار بائیکس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا

کراچی (گلف آن لائن )ملٹی نیشنل موٹرسائیکل مینوفیکچرنگ کمپنی یاماہا نے پاکستان میں رواں برس مسلسل تیسری بار بائیکس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا۔یاماہا نے رواں برس فروری میں پہلی بار موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 10 سے 13 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد اپریل میں بھی اتنا ہی اضافہ کیا گیا تھا۔گزشتہ 6 ماہ کے دوران کمپنی نے جون کے آغاز میں ہی بائیکس کی قیمتوں میں تیسری بار اضافہ کردیا اور ساتھ ہی کمپنی نے اس بار 15 ہزار نہیں بلکہ 21 سے ساڑھے 23 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا۔کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق 23 ہزار روپے اضافے کے بعد اب وائے بی آر 125 کی نئی قیمت 2 لاکھ 55 ہزار روپے ہوگی۔اسی طرح وائے بی آر 125 جی کی قیمت بھی 23 ہزار روپے کے اضافے کے بعد 2 لاکھ 68 ہزار 500 ہوگئی۔کمپنی کی ایک اور زیادہ فروخت ہونے والی بائیک وائے بی 125 زیڈ ڈی ایکس کی قیمت میں بھی 22 ہزار 500 کا اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 2 لاکھ 48 ہزار 500 تک جا پہنچی۔

یاماہا کی وائے بی 125 زیڈ بائیک کی قیمت بھی 21 ہزار اضافے کے بعد 2 لاکھ 31 ہزار 500 روپے ہوگئی اور مذکورہ موٹر سائیکل صرف دو کلرز یعنی سیاہ اور سرخ میں دستیاب ہے،اس کے علاوہ باقی تمام بائیکس تین مختلف رنگوں یعنی سرخ، سیاہ اور بلیو میں دستیاب ہوں گی اور ان کے ڈیزائن بھی کچھ تبدیل ہوں گے۔یاماہا کے علاوہ ہونڈا نے بھی موٹر سائیکلوں کی قیمت میں اضافہ کیا ہے، علاوہ ازیں دیگر کمپنیوں نے بھی قیمتوں میں تبدیلیاں کی ہیں۔بائیکس کے علاوہ حال ہی میں کاروں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ چند ہفتوں بعد ان کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں