مزدوروں

مزدوروں اور محنت کش طبقے کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (گلف آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مزدور اور محنت کش طبقہ پاکستانی معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا سماجی و اقتصادی استحکام مزدور طبقے کی فلاح و بہبود سے جڑا ہوا ہے، یہ طبقہ خصوصاً پاکستانی تارکین وطن محنت کش طبقہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے اہم کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہدری یاسین جنرل سیکرٹری سی ڈی اے یونین اور ٹریڈ یونین انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل کوآپریشن (ISCOS) کے ڈائریکٹر پاولو پوزو سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ محنت کش طبقے کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ٹریڈ یونینز ضروری ہیں۔ پاکستانی تارکین وطن کی غیر ہنر مند لیبر فورس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے محنت کشوں اور مزدور طبقے کو ہنر مند بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کے محنت کش طبقے کو بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ محنت کش اور مزدور طبقہ پاکستان کی معیشت کی بنیادی طاقت ہے۔انہوں نے ورکر ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جدوجہد کو بھی سراہا۔ ڈائریکٹر پاولو پوزو کے کام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی خاندانی روایات اور مشترکہ ثقافت کے امین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی ملک کے معاشی استحکام کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔ چوہدری یاسین جنرل سیکرٹری سی ڈی اے یونین نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر سپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ٹریڈ یونین محنت کش اور مزدور طبقے کی قانونی حمایت کے لیے تمام بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ قریبی رابطے پر کام کر رہی ہے۔ ٹریڈ یونین انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل کوآپریشن (ISCOS) کے ڈائریکٹر پاولو پوزو نے کہا کہ ان کی تنظیم پاکستانی یونینوں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو پاکستان میں مزدوروں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کے منصوبوں کی بنیادی باتوں سے بھی آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں