اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ ،سول ایوی ایشن اتھارٹی ملازمین کی پنشن سے کٹوتی کا حکم معطل

اسلام آ باد (گلف آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین کی پنشن سے کٹوتی کا حکم معطل کر تے ہوئے سیکرٹری سول ایوی ایشن و دیگر کو نوٹس جاری کر دیا اور جواب طلب کرلیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں سول ایوی ایشن کے ایگزیکٹو گروپ 7 کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں کٹوتی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل افنان کریم کنڈی نے عدالت میں مقف پیش کیا کہ سول ایوی ایشن بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایگزیکٹو گروپ 7 کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کم کردی، سی اے اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلے سے سیکڑوں ملازمین متاثر ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملازمین کی پینشن کٹوتی کا اطلاق مارچ 2022 سے کرنے کا کہا گیا ہے، یہ کٹوتی پچھلی تاریخ سے کرنا غیرقانونی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ملازمین کی درخواست پر احکامات جاری کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ملازمین کی پنشن سے کٹوتی کا حکم معطل کردیا۔ عدالت نے سیکرٹری سول ایوی ایشن و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، جب کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 22 جون کے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع بھی جاری کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں