جمشید اقبال چیمہ

کرپٹ لیگ عبرتناک شکست سے بھی سبق سیکھنے کیلئے تیار نہیں’ جمشید اقبال، مسرت چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)کرپٹ لیگ عبرتناک شکست سے بھی سبق سیکھنے کیلئے تیار نہیں،جو شخص وزیر داخلہ کے عہدے پر براجمان ہے وہ دہشتگردوں کی طرح بولتا ہے ،ہم نے لوٹوں کا کلچر ختم کیا ہے ان شااللہ حکومت بنانے کے بعد انتقام کی سیاست کو بھی ختم کردیں گے لیکن اختیارات سے تجاوز کرکے انتقامی کارروائیاں کرنے والے افسران کا ضرور کڑا محاسبہ ہوگا ۔

ان خیالات کااظہار تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے عوام کے خلاف ہر طرح کی دہشتگردی کی لیکن ضمنی انتخابات میں عوامی عدالت سے انصاف پر مبنی فیصلہ آ گیا ہے،تین ماہ میں پی ٹی آئی کاووٹ بینک دو گنا ہو گیا ، عوام نے امپورٹڈ حکومت کے بیانیے اور گورننس کو مسترد کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ عبرتناک شکست سے بھی سبق سیکھنے کیلئے تیار نہیں، رانا ثنا اللہ آج بھی دہشتگردوں والی زبان بول رہا ہے، عدالت کو چوہدری پرویزالٰہی کے پانچ ووٹ ادھر اُدھر ہونے کے بیان پر نوٹس لینا چاہیے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنی جدوجہد سے کرپٹ سیاستدانوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے، انتظامی اور پولیس کے افسران کو بتانا چاہتے ہیں آپ ٹیکس پیئر کے پیسے سے جاتی امراء والوں کے نہیں بلکہ عوام کے ملازم ہیں،پی ٹی آئی کی نہتی فیملیوں پر شیلنگ کر کے الٹا ہمارے اوپر دہشتگردی کے مقدمات بنا دئیے گئے ،اس کا ضرور احتساب ہوگا۔انہوںنے کہا کہ عوام نے ضمنی انتخابات میں آپ سے بدلہ لے لیا ہے ،تحریک انصاف کو پہلے سے چار گنا زیادہ ووٹ ملے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں