فواد چوہدری

رانا صاحب اپنی اوقات کے مطابق بات کیا کریں یہ نہ ہو لینے کے دینے پڑ جائیں،فواد چوہدری

اسلام آباد (گلف آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ رانا صاحب اپنی اوقات کے مطابق بات کیا کریں یہ نہ ہو لینے کے دینے پڑ جائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت ہے تاہم پی ٹی آئی کا جلسہ سیاسی اسٹنٹ ہو گا، عمران خان اپنی چوری سے توجہ ہٹانے کے لیے سیاسی اسٹنٹ کے طور پر جلسے کر رہے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایف آئی اے کے ساتھ ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات میں جو تعاون نہیں کرے گا اس کو گرفتار کریں گے۔وفاقی وزیر کے اس بیان پر فواد چوہدری نے رانا ثنااللہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے رانا ثنا اللہ کے بیان کا اسکرین شاٹ ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ رانا صاحب اپنی اوقات کے مطابق بات کیا کریں، آپ تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او ہیں اس سے زیادہ آپ کی حیثیت نہیں۔سابق وفاقی وزیر نے رانا ثنااللہ کے نام پیغام میں لکھا کہ یہ نہ ہو لینے کے دینے پڑ جائیں، بہادر آپ اتنے ہیں جب سے حکومت تبدیل ہوئی آپ فیصل آباد نہیں گئے، بہرحال احتیاط اچھی چیز ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں