اسد عمر

عدم اعتماد سے پہلے مائنس عمران خان کی پیشکش کی گئی تھی ، اسد عمر

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمرنے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے پہلے مائنس عمران خان کی پیشکش کی گئی تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق اسد عمر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے 2،3 دن پہلے کی بات ہے، ہمیں مائنس عمران خان کی پیشکش کی گئی تھی۔

اسدعمر نے کہا کہ مجھے کہا گیا مائنس عمران خان کا آئیڈیا ہے، 3 نام دے دیں، یہ بھی کہا گیا ان 3 ناموں میں سے ایک آپ کا بھی نام ہوگا، میں نے جواب میں کہا تمہارا دماغ خراب ہے، عمران خان کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان آزاد اور غیرجانبدار اداروں پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان اداروں پر اپنا بندہ نہیں غیر جانبدار لوگ لگاتے ہیں، اپنا بندہ لگانے کی روش ہوتی تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے متعلق کیا بات تھی تاریخ بتادے گی، جو سمجھتا ہے آرمی چیف لگانے پر فائدے میں رہے گا تو اس نے تاریخ نہیں دیکھی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے خود سرکار کو بتایا توشہ خانے سے یہ چیز خریدی، اتنی کی بکی، توشہ خانے سے لی گئی چیز پر اتناٹیکس دیا، عمران خان نے توشہ خانہ سے کچھ بھی لیا تو اسے ٹیکس ریٹرن میں ڈیکلیئر کیا، نوازشریف اور زرداری نے توشہ خانہ سے غیرقانونی گاڑیاں لی ہوئی ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ جولائی17 کے بعد سے موجودہ حکومت بالکل ہی ہل گئی ہے، یہ سمجھتے تھے سازش سے اقتدار لے لیا اب ہم طاقت میں آگئے ہیں، عمران خان ان کے سامنے ڈٹ گئے اور قوم بھی ان کیساتھ کھڑی ہوگئی،انہوں نے کہا کہ نرم مداخلت کی کوئی بات نہیں ہے، عوام کا مینڈیٹ اہم ہے، پنجاب کے عوام نے ان سے حکومت چھینی ہے، یقین دہانیاں ہوتی تو پنجاب میں کیا ہورہا تھا سب نے دیکھا، ووٹ کی طاقت سے پنجاب حکومت واپس لینے سے یہ بالکل ہی ہل گئے، موجودہ حکمران اس وقت خواہش پر ہی چل رہے ہیں۔ضمنی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر نے کہا کہ ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے، امید ہے ضمنی الیکشن سے متعلق عدالت اسٹے آرڈر جاری کردے گی۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے جلسے میں نئی حکمت عملی کا اعلان کرنے جارہے ہیں، پنجاب الیکشن کی وجہ سے رکے تھے ہمارا مقصد صرف عام انتخابات ہے، ہم تو کہتے ہیں اسمبلیاں ایک ساتھ تحلیل کردیں، پاکستان کی تاریخ رہی ہے الیکشن ایک ساتھ ہی ہوتے رہے ہیں، قانون میں بندش نہیں لیکن سب الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہیے۔انہوں نے حکومتی اتحاد کی الیکشن سے متعلق مشروط آمادگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عام انتخابات کیلئے تیار ہیں تو شہباز شریف سے اعلان کرادیں، اس کے بعد بیٹھ کر بات کرلیتے ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کو کس بنیاد پر نااہل کیا جائے گا، عمران خان کو نااہل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، عمران خان کی 2 سے زائدغلطیاں ہیں وہ بھی انسان ہیں، پہلی غلطی ان کی کیا ہے مجھے نہیں معلوم ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں