میٹرک

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کا میٹرک سالانہ امتحانات میں طلباء وطالبات کیلئے عملی امتحان کاشیڈول جاری کر دیا

مکوآنہ (گلف آن لائن )بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک سالانہ 2022ء میں شامل ہونے والے ایسے طلبائ وطالبات جو کسی وجہ سے پریکٹیکل (عملی امتحان) نہ دے سکے تھے ان کیلئے خصوصی طور پر پریکٹیکل (عملی امتحان) لینے کاشیڈول جاری کر دیا۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے کہا کہ یہ اقدام طلباء وطالبات کے وسیع ترمفاد و ان کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے حالانکہ قبل ازیں پریکٹیکل لیب ختم ہونے کے بعد کسی بھی صورت دوبارہ پریکٹیکل نہیں لیا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ امتحان میٹرک سالانہ 2022ء میں شامل ہونے والے ایسے طلباء وطالبات جو پریکٹیکل (عملی امتحان) نہیں دے سکے تھے وہ فوری طور پراپنی درخواست کے ساتھ بورڈ قوانین کے مطابق مجوزہ فیس مبلغ 1800/ـ روپے یو بی ایل بورڈ برانچ میں جمع کروا کے اصل چالان فارم لف درخواست کرکے چوہدری محمد یوسف ڈپٹی کنٹرولر (کنڈکٹ میٹرک برانچ) ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے دفتر میں18 اگست 2022ء بروز جمعرات تک بالمشافہ (دستی) جمع کروائیں اس کے بعد کسی بھی طالب علم سے درخواست وصول نہیں کی جائے گی،

کیونکہ طلباء وطالبات کو رول نمبر سلپس 20 اگست کو جاری ہوں گی جبکہ ان کا پریکٹیکل 22 اگست بروز سوموار کو لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریگولر طلبائوطالبات کو ان کے تعلیمی اداروں کی وساطت سے جبکہ پرائیویٹ طلبائ وطالبات کو ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر ان کی رول نمبر سلپس ارسال کی جائیں گی تاہم پرائیویٹ طلبائ وطالبات کی سہولت کیلئے ان کی رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائیٹ پربھی آن لائن کی جائیں گی جہاں سے ڈائون لوڈ کرکے وہ پریکٹیکل (عملی امتحان) دے سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے طلباء وطالبات جنہوں نے پریکٹیکل لینے کیلئے صرف درخواست جمع کروائی تھی وہ بھی 18 اگست 2022ئ تک مجوزہ فیس مبلغ 1800/ـ روپے یو بی ایل بورڈ برانچ میں جمع کروا کے اس کا اصل چالان فارم اپنی درخواست کے ساتھ لف کریں تاکہ انہیں بھی خصوصی طورپر پریکٹیکل (عملی امتحان) دینے کیلئے رول نمبر سلپ جاری کی جا سکے۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے کہا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو معلومات درکارہوں تو وہ ایجوکیشن بورڈفیصل آباد کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk ملاحظہ کرنے کے علاوہ کنٹرولر امتحانات کے فون نمبر0419330366یاکنڈکٹ برانچ کے فون نمبر 0419330388 پر رابطہ کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں